نیب کا ن لیگی رہنماء پیر صابر شاہ کیخلاف تحقیقات کا حکم

چیئرمین نیب کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، شرجیل میمن، عبدالکریم سومرو، نثار کھوڑو، سردارقیصرعباس، ایل این جی اورایل این جی ٹرمینل میں بدعنوانی کیخلاف بھی انکوائری کی جائے گی۔اعلامیہ نیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 دسمبر 2018 20:30

نیب کا ن لیگی رہنماء پیر صابر شاہ کیخلاف تحقیقات کا حکم
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر2018ء) نیب نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی پیر صابر شاہ کیخلاف تحقیقات کا حکم دے دیا، شرجیل میمن، عبدالکریم سومرو، نثار کھوڑو، سردارقیصرعباس،ایل این جی اورایل این جی ٹرمینل میں بدعنوانی کیخلاف بھی انکوائری کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔

جس میں کرپشن کیسز اور جاری تحقیقات سے متعلق جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین نیب نے مزید 16انکوائریوں منظوری دے دی۔ اسی طرح اجلاس میں2 کرپشن کیسزکے ریفرنس احتساب عدالت میں دائرکرنے کی منظوری بھی دی ہے۔ سابق صوبائی وزیرنثارکھوڑو، محکمہ خوراک سکھرکے افسران، شرجیل میمن، عبدالکریم سومرو، سردارقیصرعباس اوردیگرکیخلاف بھی انکوائری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی پیرصابر شاہ اور دیگر کیخلاف انکوائریوں کا حکم دیا گیا۔ تمام انکوائریاں اور تحقیقات مبینہ الزامات پر شروع کی گئی ہیں۔ نیب اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پاورپارک کمپنی، گورنمنٹ ہولڈنگ کمپنی میں بدعنوانی کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔ ایل این جی اورایل این جی ٹرمینل میں بدعنوانی کیخلاف بھی انکوائری ہوگی۔

لاکھڑا پاور ہاؤس جام شورو کے افسران، سرحد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، جناح میڈیکل کالج پشاورکی انتظامیہ کیخلاف تحقیقات کی جائیں گی۔ اجلاس میں سابق چیئرمین ورکرزویلفیئرزبورڈ اورڈاکٹرامیرخان جو گزائی، اسلم پرویز میمن اور دیگر کیخلاف بھی کرپشن ریفرنس دائر ہو گا۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کیخلاف نیب میں آشیانہ اسکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کیخلاف ریفرنس تیار کرلیا ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ شہبازشریف کیخلاف ریفرنس کا جائزہ لے گا۔ نیب افسران چیئرمین نیب جسٹس رجاوید اقبال کی منظوری کے بعد نیب افسران احتساب عدالت میں شہبازشریف کیخلاف ریفرنس دائرکریں گے۔