سپریم کورٹ نے وقت گروپ کو 27 دسمبر تک تمام ملازمین کے بقایاجات ادا کرنے کی ہدایت کردی، سی ای او ذاتی حیثیت میں آئندہ سماعت پر طلب ،تمام ورکز کے بقایاجات کی تفصیلات بھی طلب

جمعہ 14 دسمبر 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کے معاملے پر وقت گروپ کو 27 دسمبر تک تمام ملازمین کے بقایاجات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرسی ای او کوذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ جمعرات کوچیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پربول ٹی وی کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کروائی گئی کہ عدالت کی ہدایت کی روشنی میں تمام ملازمین کی تنخواہوں کے چیک بن گئے ہیں جوایک دو دن میں دے دیئے جائیں گے۔

عدالت نے جنگ اور جیو کے ملازمین کو زبانی کے بجائے پیٹیشن کی صورت درخواست جمع کروانے کی ہدایت کی، چینل سیون کے مالکان کوآئندہ سماعت پر طلب کرلیاگیا، اس موقع پر چینل سیون کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت سے کہا کہ ادارے میں صر ف ایک ملازم صدیق ساجد کام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کپیٹل ٹی وی سے جواب طلب کرلیا اورہدایت کی کہ دائیگی نہ کرنے والے ہر ادارے کیلئے اپنا الگ نمائندہ مقرر کیا جائے اورادارے کے ملازمین اپنے بقایاجات اور ورکرز کی تفصیلات اپنے نمائندے کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کروائیں ۔بعد از اں عدالت نے تمام ورکز کے بقایاجات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کر دی۔