ہٹ دھرمی برقرار،بھارتی بورڈ کا ایشیا کپ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹورنامنٹ کیلئے کوئی اور وینیو دیکھنا ہوگا: بی سی سی آئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 دسمبر 2018 13:48

ہٹ دھرمی برقرار،بھارتی بورڈ کا ایشیا کپ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14دسمبر2018ء) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) نے ستمبر 2020ءمیں پاکستان میں شیڈول ایشیا ءکپ میں شرکت سے انکار کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی آفیشلز نے ڈھاکہ میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ کے دوران پاکستانی حکام کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے ۔ایک بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایشیاءکپ کھیلنا ناممکن ہے اسی لیے ہم نے انہیں آگاہ کردیا ہے کہ جس طرح ہم نے رواں سال ایشیا ءکپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی ہے اسی طر ح انہیں بھی اسی قسم کا کوئی فیصلہ کرنا ہے ۔

یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان کی وجہ سے اپنے ملک میں ایشیا ءکپ میزبانی کرنے سے انکار کردیا تھا اور اب بھی متحدہ عرب امارات ہی 2020ءمیں شیڈول ٹورنامنٹ کے لیے متبادل وینیو کے طور پر سامنے آرہا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ واپس لانے کے لیے محنت کررہا ہے اور اگر وہ بھارت ،سری لنکا اور بنگلہ دیش جیسی ٹیموں کو ایشیا ءکپ 2020ءمیں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آنے پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہوگیا تو یہ اس کی بہت بڑی کامیابی ہوگی تاہم ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان نے جانے کا فیصلہ کرچکا ہے اور شاید پاکستان کو بھارتی بورڈ کے اس فیصلے کے باعث اپنے ملک میں ٹورنامنٹ کروانے کی بجائے ایک بار پھر متحدہ عرب امارات کا ہی انتخاب کرنا پڑے ۔

اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے مابین سیاسی تناﺅ کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ نے لاہور میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں اپنا کوئی نمائندہ نہیں بھیجا تھا ۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل نے کامیابی سے پاکستان کا اچھا اور پر امن تاثر دنیا کے سامنے پیش کیا جس کے بعد ایشیاءکپ 2020ءکی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔میزبانی پاکستان کودینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا۔وینیوز کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصے پہلے کیا جائےگا۔ایشیا کپ ستمبر 2020ءمیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی طرز پر کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان میں مارچ 2009ءمیں سری لنکا ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں کوئی بھی بین الاقوامی ایونٹ نہیں کروایا جاسکا ہے۔