کاشتکار فصلوں پر زہروں کے سپرے کے دوران کوئی جگہ خالی نہ رہنے دیں، ماہرین زراعت

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:50

فیصل آباد۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے سپرے کے بعد جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر ہرگز استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار زہریلی ادویات کے سپرے کے بعد جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر مویشیوں ، جانوروں بالخصوص بکریوں ، گائے ، بھینسوں وغیرہ کو ڈالنے سے گریز کریں کیونکہ سپرے کے زہریلے اثرات جہاں جڑی بوٹیوں کے ذریعے مذکورہ جانوروں کے پیٹ میں داخل ہو کر دودھ اور گوشت کی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتے ہیں وہیں جانوروں اور مویشیوں کی زندگیوں کو بھی خطرات سے دوچار ہونا پڑ سکتاہے ۔

زہر کے چھڑکائو کے بعد گوڈی یا بارہیرو کے استعمال سے بھی گریز کیاجائے تاکہ زہروںکا مؤثر اثر دیر تک برقرار رکھنے میں مدد مل سکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں گندم سمیت دیگر زرعی اجناس کی بہتر پیداوار کا حصول اشدضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سپرے کے دوران انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہیے اوراس دوران کوئی جگہ خالی نہیں رہنے دی جانی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ گندم کے کھیت کے خالی کناروں پر بھی اگر سپرے کر دیاجائے تو اس کے بھی بہترین اثرات حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوںنے ریتلے اور کلراٹھے علاقوں میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے زہروں کا سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔