سپریم کورٹ میں اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق کے زیر انتظام ہسپتالوں کی صوبائی حکومت کو منتقلی کیس کی سماعت‘ لاہور ہائیکورٹ کو ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم

جمعہ 14 دسمبر 2018 22:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق کے زیر انتظام ہسپتالوں کی صوبائی حکومت کو منتقلی کیس میں لاہور ہائیکورٹ کو ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔جمعہ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سر براہی میں تین رکنی بنچ نے اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق کے زیر انتظام ہسپتالوں کی صوبائی حکومت کو منتقلی کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزارحامد خان نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے، سندھ حکومت کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ 9 جون کے حکم کے مطابق اس کیس میں لارجر بینچ بننا تھا، مخدوم علی خان کراچی میں ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ مخدوم علی خان جتنے بڑے وکیل ہیں وہ تو طیارہ چارٹر کر کے آسکتے ہیں، اس کیس میں بھی شیخ زید ہسپتال جیسا ایشو ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سندھ کے کونسے ہسپتال ہیں، جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سندھ کا جناح ہسپتال، این آئی سی وی ڈی ، این آئی سی ایچ ہسپتال ہیں، عدالت اس کیس میں وقت دے ۔عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کو ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 3 جنوری تک ملتوی کر دی۔