پاکستان اور افغانستان کا دوطرفہ تجارتی سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو آگے بڑھانے پر اتفاق

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:51

پاکستان اور افغانستان کا دوطرفہ تجارتی سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو ..
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) پاکستان اور افغانستان نے دوطرفہ تجارتی سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے ہفتہ کو کابل میں سہہ فریقی اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران پایا گیا۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت دیگر اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

افغان صدر نے افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے سہ فریقی مذاکرات میں شرکت اور تعاون کی یقین دہانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ سہ فریقی مذاکراتی فورم سے روابط کے فروغ، خطے میں امن و استحکام میں مدد ملے گی۔افغانستان میں امن و استحکام نہ صرف دونوں ممالک کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیئے بہتری کا موجب ہو گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دوسرے سہ فریقی مذاکرات کے بہترین انعقاد پر افغان صدر اشرف غنی کو مبارکباد دی۔