دنیا کی کوئی طاقت سندھ بھر کے کسی بھی مقام پر قائم دینی مدارس کو اپنے مقام سے نہیں ہٹا سکتی،مولانا راشد محمود سومرو

پیر 17 دسمبر 2018 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) جمعیت علما اسلام کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت سندھ بھر کے کسی بھی مقام پر قائم دینی مدارس کو اپنے مقام سے نہیں ہٹا سکتی کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جمعیت علما اسلام دینی مدارس کا بھرپور دفاع کرے گی سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے وہ جامع مسجد قطری بدین میں جمعیت علما اسلام کی صوبائی مجلس عاملہ اور حیدرآباد میرپور خاص ڈویژن کے امرا ونظما کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جسکی صدارت صوبائی نائب امیر مولانا صالح الحداد نے کی اجلاس میں قاری محمد عثمان محمد اسلم غوری حاجی عبدالمالک تالپر مولانا تاج محمد ناہیون صوبائی ناظم انتخاب مولانا عبداللہ سومرانی مولانا محمد عیسی سموں مولانا محمد خان جمالی مولانا فتح محمد مہیری مولانا ابراہیم سومرو حاجی سارن خان حافظ خالددھامرا حافط اعظم جھانگیری اور دیگر رہنما وں نے شرکت کی علامہ راشد محمود سومرو نیکہا کہ جعلی مینڈیٹ کے سہارے قائم حکومت کو بحرانوں کے گہرے بھنور میں بے آسرا چھوڑ چکی ہے ، حکومت کسی ایک شعبے میں اپنی کارکردگی ثابت نہیں کرسکی ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والے اب تک تجاوزات کے نام پر لاکھوں گھرانوں کے روزگار کے چراغ بجھا چکے ہیں ، لوگوں کے گھر مسمار کرکے ان کو متبادل دیئے بغیر بے گھر کیا جارہا ہے ، تاجر برادری کا کاروبار ٹھپ کر دیا گیا ہے ، کراچی میں حکومتی اراکین تجاوزات کے نام پر خالی کی گئی اراضیوں پر قبضہ مافیا کا کردار ادا رہے ہیں ، حکومتی رٹ دور دور تک نظر نہیں آرہی اخبارات میں گردش کرتی اس خبر کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ میں اہم شاہراہوں پر واقع دینی مدارس کو اصل مقام سے متبادل مقام پر شفٹ کرنے کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ان خبروں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور حکومت سندھ کو متنبہ کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ ہم ایسے کسی بھونڈے اقدام کو قبول کرنے کو تیار نہیں، اگر ایسا کوئی مذموم قدم اٹھانے کی کوشش کی گئی تو عوامی قوت سے دینی مدارس کا دفاع کرنے نکلیں گے حکومت نوشتہ دیوار پڑھ لے ، دینی مدارس کو کوئی مائی کا لال اپنے مقام سے ایک انچ آگے پیچھے نہیں کرسکتا ۔

(جاری ہے)

جمعیت علما اسلام مدارس کا بھرپور دفاع کرے گی۔ علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ 70 فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبہ سندھ کے لوگ آج حکومت کی انتظامی نااہلی کی وجہ سے گیس کو ترس رہے ہیں ، سندھ میں پیدا کردہ گیس کا مصنوعی بحران ناقابل برداشت ہے ، اجلاس میں ٹنڈو غلام علی بدین میں 24 فروری 2019 کو سکھر میں شہید اسلام رح کی یاد میں منعقدہ تحفظ ختم نبوت ص ملین مارچ کی طرز پر بڑے عوامی اجتماع کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ، حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژنز میں کانفرنس کی تیاریوں کو عملی شکل دینے کیلئے کمیٹی بنادی گئی ہے ۔

علامہ راشد محمود سومرو نے جمعیت علما اسلام کے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ 24 فروری کی بدین کانفرنس کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کردیں اور اس کیلئے گھر گھر مہم چلائیں ۔ اجلاس میں کراچی میں جامعہ اسلامیہ منبع العلوم منگھوپیر کے مہتمم مولانا حافظ محمد نصیب مینگل اور مولانا سیف اللہ کی پراسرار مسلح گاڑیوں کے قافلے میں لاپتہ کیئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے فوری پر علما کرام کو بازیاب کراکر باعزت طور پر اپنے گھر پہنچایا جائے بصورت دیگر جمعیت علما اسلام راس اقدام پر مجبور ہوگی اجلاس میں سندھ حکومت کو خبر دار کیا گیا ہے کہ وہ مدارس دشمن پالیسیوں کو ترک کرے ورنہ صوبہ سندھ نہ ختم ہونے والی تحریک کا آغاز کردیا جائے گا پھر حالات کی خرابی کی تمام ذمہ داری سندھ حکومت پر ہوگی اجلاس میں جمعیت علما اسلام خیبر پختونخواہ کے رہنما مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیا کہ جمعیت علما اسلام کیلے گرفتاریاں نہ تو کوئی نئی بات ہے اور نہ ہی ان ہتکنڈوں سے جمعیت علما اسلام کو ڈرایا دھمکایا جاسکتا ہے حکومت خود اپنے پاوں پر کلہاڑی مارنے کی تیاریاں کررہی ہے تو جمعیت علما اسلام ہر قربانی کیلئے تیار ہے