چئیرمین نیب نے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کا اعلان کر دیا

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اراکین پارلیمنٹ کا بے حد احترام کرتے ہیں، وہ ان سے ملاقات کیلئے تیار ہیں، وہ دورہ لاہور کے بعد اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کرینگے: ترجمان نیب

muhammad ali محمد علی منگل 18 دسمبر 2018 20:08

چئیرمین نیب نے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کا اعلان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 دسمبر2018ء) چئیرمین نیب نے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کا اعلان کر دیا، ترجمان نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اراکین پارلیمنٹ کا بے حد احترام کرتے ہیں، وہ ان سے ملاقات کیلئے تیار ہیں، وہ دورہ لاہور کے بعد اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی اپوزیشن نے قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال سے ملاقات کے لئے خط ارسال کیا ہے۔ اپوزیشن اراکین کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ فوری اور سنگین صورتحال سے آگاہ کرنا ہے اس لئے چیئرمین ملاقات کیلئے وقت دیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ کی توجہ نیب کی جانب سے ارکان پارلیمان کو ہراساں کرنے اور انتقام کا نشانہ بنانے کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کے متنازعہ، غیرمنصفانہ اور معمول سے ہٹ کر ہونے والے اقدامات پاکستان میں جمہوری عمل کو متاثر اورکمزور کررہے ہیں۔ حزب اختلاف پختہ یقین پر کاربند ہے کہ کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں اور ملک میں احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن احتساب کے عمل کو پاکستان کے عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے ضروری تصور کرتی ہے۔

غیرمنطقی، یکطرفہ، متعصبانہ احتساب کا عمل صرف اپوزیشن ارکان پر دبائو اور سیاسی انتقام کے لئے استعمال ہو تویہ پارلیمان کی خودمختاری اور بالادستی کے لئے خطرہ بن جاتا ہے۔ نیب کے حالیہ اقدامات اور اس کے حکام کے عوامی بیانات سے بدقسمتی سے اس ادارے کی غیرجانبداری، شفافیت اور ارادوں پر شدید تحفظات پیدا ہوئے ہیں۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب کے عمل کو اسلامی تعلیمات، پاکستان کے آئین، قانون، انصاف کے فطری اصولوں اور انسانی عزت و وقار کے مطابق ہونا چاہیے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان آپ سے ملاقات کے خواہشمند ہیں تاکہ آپ کو فوری نوعیت کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرسکیں۔ اب اس خط کے حوالے سے نیب کے ترجمان کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔ نیب ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اراکین پارلیمنٹ کا بے حد احترام کرتے ہیں، وہ ان سے ملاقات کیلئے تیار ہیں، وہ دورہ لاہور کے بعد اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کرینگے۔