ہیپاٹائٹس قابل علاج مرض ہے لٰہذا مریضوں کو چاہیئے کہ وہ سرکاری ہسپتال سے مفت علاج کرائیں،ایم ایس تحصیل ہسپتال چشتیاں

جمعہ 21 دسمبر 2018 16:23

چشتیاں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2018ء) حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات کی بناء پر ہیپاٹائٹس کے ہزاروں مریض ہرماہ شفا یاب ہورہے ہیں،تحصیل ہسپتال چشتیاں ہیپاٹائٹس کلینک کے ذریعے دوہزار مریضوں کو باقاعدگی سے انتہائی مہنگی ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں جبکہ کلینک مذکورہ میں ہیپاٹائٹس کے دس ہزار مریض رجسٹرڈ ہیں جو کہ ضلع بہاولنگر کی دیگر چارتحصیلوں کی نسبت سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اس امر کا اظہار تحصیل ہسپتال چشتیاں کے ایم ایس ڈاکٹر محمدانور کھرل و ہیپاٹائٹس کلینک کے انچارج ڈاکٹر عامر منظور نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق(ایل ایف ٹی) اور (آرایف ٹی)ٹیسٹ کے بعد مریض کے خون کے نمونہ جات تشخیص کیلئے لاہور مقررہ لیبارٹری کو ارسال کئے جاتے ہیں اور رزلٹ آنے کے بعد متعلقہ مریض کو دوائی شروع کرائی جاتی ہے اس طرح تین ماہ کے کورس کے بعد مریض صحت یاب ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قبل ازیں چھ ماہ کا بہت تکلیف دہ علاج تھا لیکن حکومت کی کوششوں کے نتیجہ میں اعلیٰ ادویات مریضوں کو فراہم کی جاتی ہیں جس سے مریضوں کو ادویات کے سائیڈ ایفیکٹ سے نجات مل گئی ہے چنانچہ مریضوں کو چاہئے کہ وہ ادویات کے استعمال میں ناغہ نہیں کریں۔انہوں نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس کا مرض عطائی ڈاکٹروں کے اڈو ں پر استعمال شدہ سرنج،جعلی ڈینٹسٹ کے اوزاروں،حما م میں استعمال شدہ بلیڈ کے دوبارہ استعمال اور انتقال خون سے پھیلتا ہے۔ہیپاٹائٹس قابل علاج مرض ہے لٰہذا مریضوں کو چاہیئے کہ وہ سرکاری ہسپتال سے مفت علاج کرائیں۔