رواں سال2019ء ملک میں کھیلوں بالخصوص سکواش کی بین الاقوامی سرگرمیوں کیلئے کامیابی کا سال ثابت ہوگا، قمر زمان

منگل 1 جنوری 2019 14:56

رواں سال2019ء ملک میں کھیلوں بالخصوص سکواش کی بین الاقوامی سرگرمیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2019ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ رواں سال2019ء ملک میں کھیلوں بالخصوص سکواش کی بین الاقوامی سرگرمیوں کیلئے کامیابی کا سال ثابت ہوگا۔ پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) سال2019ء میں پاکستان کو زیادہ سے زیادہ ایونٹس کی میزبانی دے گا۔ برٹش جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔

منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2019ء میں زیادہ سے زیادہ سکواش کے ایونٹس کا انعقاد کریں گے، سال کے پہلے روز کے پی کے جونیئر سکواش چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی جس میں انڈر۔11، انڈر۔13، انڈر۔15 اور انڈر۔17 کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح برٹش جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2 سے 6 جنوری تک برطانیہ کے شہر برمنگھم میں کھیلی جائے گی جس میں شرکت کیلئے قومی جونیئر کھلاڑی برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔

ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں سے شاندار کارکردگی کی توقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ملک بھر میں اکیڈمیاں بھی قائم کی ہیں جس کے اچھے نتائج 2019-20ء میں آنا شروع ہوجائیں گے، یہ اکیڈمیاں سکواش کے سابق کھلاڑی جان شیر خان، جہانگیر خان اور قمر زمان چلا رہے ہیں اور جونیئر کھلاڑیوں کو ٹپس دے رہے ہیں۔ فیڈریشن 2019ء میں پی ایس اے سے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کے حوالے سے شیڈول کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

امید ہے کہ جس طرح 2018ء میں پاکستان نے بین الاقوامی ایونٹس کا کامیابی سے انعقاد کیا ۔ پی ایس اے سال 2019ء میں پاکستان کو اس سے زیادہ ایونٹس کی میزبان سونپے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال2018ء کے دوران پاکستان سکوائش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران کی کوششوں سے ملک میں زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس کا انعقاد کیا گیا۔

2018ء میں قومی جونیئر کھلاڑیوں نے ایشین جونئیر چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس اے نے سال 2018ء میں پاکستان کو 9 بین الاقوامی انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی دی تھی جس میں پچاس ہزار ڈالر کا ایونٹ بھی شامل تھا، ان تمام مقابلوں کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان میں آکر بے حد خوشی کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کیلئے آئیں گے۔

پاکستان کھیلوں کے لئے ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں پر کھیل کر ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم اپنے ہی ملک میں کھیل رہے ہیں۔ قمر زمان نے کہا کہ رواں سال پی ایس اے سے ملنے والی ایونٹ میں دو ایونٹ پشاور میں بھی کرائیں گے جس میں 25 ہزار اور 10 ہزار ڈالر کا ایونٹ شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے پشاور میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کو پہلے سے مراسلہ بھجوایا ہے وہ سکیورٹی وفد بہت جلد پشاور بھجوائیں گے اور یہاں پر صورتحال کے جائزے کے بعد بین الاقوامی مقابلے کئی سالوں بعد بحال ہو جائیں گے۔

سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 2018ء پاکستان میں سکوائش کیلئے خوش قسمت ثابت ہوا، ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد شہرقائد کراچی میں انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد اور اس میں غیرملکی کھلاڑیوںکی شرکت قابل قدر رہی، امید ہے نیا سال ملک میں سکوائش سمیت دیگرکھیلوں کیلئے نیک شگون ہو گا۔