اے این پی کی پشاور کالی باڑی میں کار بم دھماکے کی مذمت

حساس علاقے میں کاروائی عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور اپنی موجودگی کا احساس دلانا ہے، دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے،صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 5 جنوری 2019 18:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے پشاور کینٹ کے علاقے کالی باڑی میں کار بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں 2خواتین سمیت 6افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ، اپنے مذمتی بیان میں صوبائی صدر نے کہا کہ پشاور کے حساس علاقے میں اس قسم کی کاروائی بظاہر عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا اور حکمرانوں کو اپنی موجودگی کا احساس دلانا ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی بار ہا مطالبہ کرتی آ رہی ہے کہ دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے اور پنجاب میں موجود کالعدم تنظیموں کی پناہ گاہوں و سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائی کی جائے لیکن ہماری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا جس کے باعث دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں،اور اس کا خمیازہ خیبر پختونخوا کے عوام بھگت رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورت حال پر قابو نہ پایا گیا تو حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صرف مذمتی بیانات کے علاوہ کوئی ٹھوس حکمت عملی نظر نہیں آ رہی ، انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ،انہوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر کے اس کے نیٹ ورک پر ہاتھ ڈالا جائے ، امیر حیدر ہوتی نے اخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔