اسحاق ڈار کو برطانیہ سے واپس لانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ،ْ نیب کا سپریم کورٹ کا بیان

جائیداد ضبط کرنے کے معاملے کو تو دو ماہ گزر چکے ہیں، واپس لانے کے لیے بظاہر لگتا ہے خط و کتابت ہو رہی ہے ،ْجسٹس اعجاز الاحسن اسحاق ڈار کی واپسی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، معلوم نہیں وہ کب تک وہاں بیٹھے رہیں گے ،ْ چیف جسٹس

منگل 8 جنوری 2019 13:37

اسحاق ڈار کو برطانیہ سے واپس لانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ،ْ نیب کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کو برطانیہ سے واپس لانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ منگل کو سپریم کورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار ابھی تک واپس نہیں آئے، نیب ابھی تک انہیں واپس نہیں لا سکا ۔

نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے جواب دیا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے ایکسٹراڈیشن (بیرون ملک سے مجرم کی واپسی) کا عمل شروع کردیا ہے، ان کی جائیداد بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ جائیداد ضبط کرنے کے معاملے کو تو دو ماہ گزر چکے ہیں، واپس لانے کے لیے بظاہر لگتا ہے خط و کتابت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نیب نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت کے خط کا جواب دے دیا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، معلوم نہیں وہ کب تک وہاں بیٹھے رہیں گے، کیا پی ٹی وی کیس میں اسحاق ڈار، پرویز رشید اور عطاء الحق قاسمی سے ریکوری ہوئی۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے کہا کہ ریکوری کی میعاد دو ماہ ہوتی ہے جو ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ نیب نے اسحاق ڈار کی واپسی کے لئے سوالنامہ بھجوا دیا ہے، اب برطانیہ سے جواب کا انتظار ہے۔ کیس کی سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی گئی۔