فیصل آباد کی تمام مرکزی شاہرات ، سڑکوں، چوکوں ، گنجان آباد علاقو ں و کاروباری مقامات پر 7500جدید سٹریٹ لائٹس کی تنصیب شروع کر دی گئی، میئر میونسپل کار پوریشن فیصل آباد

جمعرات 10 جنوری 2019 15:50

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) میونسپل کار پوریشن فیصل آباد کے میئر محمد رزاق ملک نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی تمام مرکزی شاہرات ، اہم سڑکات ، معروف چوکوں ، گنجان آباد علاقو ں و کاروباری مقامات پر اعلیٰ معیار کی حامل 7500جدید سٹریٹ لائٹس کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے اور اب تک شہر کے مختلف مقامات پر6500سٹریٹ لائٹس نصب کی جا چکی ہیں جبکہ کئی جگہوں پر خراب سٹریٹ لائٹس کی تبدیلی کا کام بھی جاری ہے، جس سے فیصل آباد کو روشنیوں کا شہر بنانے سمیت اندھیرے کے باعث ہونے والی سٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کو روکنا بھی ممکن ہو سکے گا۔

ایک ملاقات کے دوران میئر میونسپل کار پوریشن نے بتایاکہ میونسپل کارپوریشن کے حکام حکومتی احکامات اور ارباب اختیار کی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد کو صفائی و ستھرائی اور دلکشی کے لحاظ سے ملک کا مثالی شہر بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں جہاں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے گرین بیلٹوں کی تزئین و آرائش جاری ہے وہاں ماحولیاتی و جمالیاتی حس میں اضافہ اور فضائی آلودگی کے خاتمہ کیلئے بڑی تعداد میں نئے پھلدار اور پھو لدار پودے بھی لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جبکہ واسا کی طرف سے نالوں اور سیوریج کی ڈی سلٹنگ کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں اسی طر ح شہر کے تمام متعلقہ ادارے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ میئر میونسپل کار پوریشن نے اے پی پی کو بتایاکہ گزشتہ سال 2018ء میں 297ترقیاتی سکیموں کا آغاز کیا گیا جن میں سے 275سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ 22سکیمیں بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر بر وقت مکمل نہیں ہو سکیں جن پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے جنہیں آئندہ ماہ مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوںنے بتایاکہ پنجاب سٹیزن گورننس امپروومنٹ پروگرام کے تحت 2018ء میں شروع کی گئی 27میں سے 11سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ باقی 16سکیمیں تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں جنہیں آئند ہ ماہ مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد میں بعض مقامات پر نئے سگنلز نصب کر نے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ بعض پرانے سگنلز کو بھی ڈیجیٹل سگنلز میں تبدیل کرنے کے منصوبہ پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے اور بہت جلد شہر کے تمام ٹریفک سگنلز کو اپ گریڈ کر دیا جائے گا جس سے ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔