ریپ کیس میں رونالڈو کا ایک دہائی بعد ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائیگا

جب فٹ بالر نے 2009 میں لاس ویگاس میں کچھ کیا ہی نہیں تھا تو ڈی این اے میں کیا آئے گا ،ْفٹبالر کے والد کا رد عمل

جمعہ 11 جنوری 2019 15:20

ریپ کیس میں رونالڈو کا ایک دہائی بعد ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائیگا
میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر 33 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے دہائی قبل امریکی ماڈل کے کیے گئے ریپ کی تفتیش کیلئے فٹ بالر کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائیگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو پر اکتوبر 2018 میں سابق امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا نے الزام عائد کیا تھا کہ فٹ بالر نے 2009 میں امریکی شہر لاس ویگاس میں ان کا ریپ کیا۔

کیتھرین مایورگا نے اگرچہ اس واقعہ کی رپورٹ 2010 میں ہی درج کروادی تھی تاہم اس وقت انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر صرف جنسی استحصال کی رپورٹ درج کروائی تھی تاہم سابق ماڈل نے ستمبر 2018 میں امریکی ریاست نیواڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں 32 صفحے کی شکایت دج کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ رونالڈو نے 13 جون 2009 کو ان کا ریپ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس مقدمے میں الزام عائد کیا کہ فٹبالر نے اس مبینہ ریپ کو خفیہ رکھنے کیلئے ان پر دباؤ ڈالا تھا اور فٹ بالر نے وکلاء کی مدد سے انہیں پونے 4 لاکھ ڈالر دے کر خاموش رہنے کا کہا۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ریپ واقعہ کے بعد ماڈل ذہنی طور پر پریشان رہیں، یہاں تک کہ انہوں نے متعدد بار خودکشی کرنے کا بھی سوچا۔ ماڈل نے فٹ بالر کے خلاف 2 لاکھ امریکی ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔سابق ماڈل کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے فوری طور پر تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا تاہم پرتگال کی ٹیم نے انہیں آرام دینے کی غرض سے فٹ بال کھیلنے سے باہر کردیا تھا۔

علاوہ ازیں کرسٹیانو رونالڈو پر الزامات کے بعد اسپورٹس مصنوعات کی امریکی کمپنی ‘نائیکی’ اور اسپورٹس ویڈیو گیمنگ کمپنی ‘ای اے اسپورٹس’ نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور عندیہ دیا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر ان کے ساتھ کیے گئے اربوں روپے کے معاہدے منسوخ کردیں گی تاہم اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ لاس ویگاس پولیس نے ریپ کیس کی تفتیش کرنے کیلئے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرنے کے لیے اٹلی کے حکام کو باقائدہ درخواست دیدی۔

امریکی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لاس ویگاس پولیس نے اس بات کی تصدیق کردی کہ انہوں نے کرسٹیانو رونالڈو کے ڈین این اے ٹیسٹ کے نمونے لینے کیلئے اٹلی کے حکام کو درخواست جمع کرادی۔رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لاس ویگاس پولیس انتظامیہ نے کرسٹیانو رونالڈو کا ڈی این اے ٹیسٹ کرنے کے لیے اٹلی کی مقامی عدالت کو وارنٹ بھیج دیا۔

رپورٹ کے مطابق لاس ویگاس پولیس کے تفتیش کار کرسٹیانو رونالڈو کے ڈی این اے نمونے لے کر ان کا موازنہ الزام لگانے والی ماڈل کے کپڑوں کے نمونوں سے کریں گے۔دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو کے وکیل نے ڈی این اے ٹیسٹ کی درخواست پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب فٹ بالر نے 2009 میں لاس ویگاس میں کچھ کیا ہی نہیں تھا تو ڈی این اے میں کیا آئے گا اور پولیس کی ایسی درخواست پر حیرانگی ہی کی جاسکتی ہے۔