معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاشی حکمت عملی کو ازسر نو ترتیب دیا جائے‘ میاں خرم الیاس

ہمسائیہ ممالک ایران،افغانستان،ازبکستان و دیگر اسلامی ملکوں سے تجارت میں اضافہ کے اقدامات کیے جائیں ملکی ترقی کیلئے صنعتوں کا فروغ ناگزیر ہے ،نئی صنعتی پالیسی میں صنعتی شعبہ کو مراعات دی جائیں ‘چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 14 جنوری 2019 12:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاشی حکمت عملی کو از سرنو ترتیب دیا جائے کیونکہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ، زرمبادلہ کے کم ہوتے ذخائر اور بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں جیسے مسائل سے نمٹ کر ہی معاشی ترقی ممکن ہے ،ہمسائیہ ممالک ایران، افغانستان، ازبکستان اور دیگر اسلامی ملکوں سے تجارت میں اضافہ کے اقدامات کیے جائیں تو ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھیں گے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں خرم الیاس نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے صنعتوں کا فروغ ناگزیر ہے ،نئی صنعتی پالیسی میں صنعتی شعبہ کو مراعات دی جائے اور صنعتی شعبہ کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔

تاکہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔انہوںنے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ملک میں تجارت کے شعبے میں22.4ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی صنعتی شعبہ میں مراعات سے تجارت کے شعبہ میں براہ راست سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن ہوگا ۔اور ساز گا ر ماحول کی فراہمی سے ہی غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرینگے ۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کیلئے تاپی گیس پائپ لائن اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی فوری تکمیل کی طرف توجہ مرکوز کی جائے تاکہ صنعتی شعبہ کو اس کی ضروریات کے مطابق وافر گیس دستیاب ہوسکے اور صنعتی شعبہ ترقی کرکے ملکی معیشت کو مضبوط کرسکے نیز سستی گیس کو پاور پلانٹ میں استعمال کرکے سستی بجلی کا حصول ممکن ہے جس سے عوام کو مہنگی بجلی سے بھی نجات مل جائے گی۔