حَلب کا شہری گزشتہ 35 سالوں سے صرف پیلے کپڑے پہن رہا ہے

پیر 14 جنوری 2019 23:54

حَلب کا شہری گزشتہ 35 سالوں سے صرف پیلے کپڑے پہن رہا ہے

آپ نے بہت سے لوگوں کے بارے میں سنا ہوگا کہ وہ زندگی بھر سفید رنگ کے کپڑے پہنتے رہے لیکن کیا آپ نے سنا ہے کہ کوئی 35 سالوں سے صرف پیلے رنگ کے کپڑے پہن  رہا ہے۔ جنگ زدہ شام کے شہر حَلب سے تعلق رکھنے والا ایک 68 سالہ  شخص  گزشتہ 35 سالوں سے پیلا رنگ پہن رہا ہے۔
25 جولائی 1983 کو ابو زاکور نے فیصلہ کیا کہ وہ صرف پیلا رنگ پہنیں گے کیونکہ اُن کی نظر میں یہ رنگ محبت کی ترجمانی کرتا ہے۔

یہ تو معلوم نہیں ہوا کہ انہوں نے اپنے پرانے کپڑوں کے ساتھ کیا سلوک کیا لیکن اُس دن کے بعد وہ مسلسل پیلے کپڑے پہن رہے ہیں۔ اُن کے صرف کپڑے ہی نہیں بلکہ زیر جامہ، نک ٹائی، ہیٹ، جوتے، گھڑی اور تسبیح تک پیلے رنگ کی ہیں۔
اگر انہیں پہننے کے لیے کوئی پیلی چیز نہ ملے تو وہ پیلی نیل پالش لے کر دوسرے رنگ کی چیزوں کو پیلے رنگ میں رنگ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُن کا دعویٰ ہے کہ دنیا میں کوئی دوسرا شخص 35 سال تک دن ، رات، گھر میں اور باہر پیلا رنگ نہیں پہن سکتا۔
اُن کے اپارٹمنٹ میں اُن کے کپڑوں کے علاوہ بھی بہت سی چیزیں پیلے رنگ کی ہیں۔ ان کے کچن کی ٹیبل کا کپڑا، بیڈ شیٹ اور ڈسٹ بن تک پیلے رنگ کی ہں۔
شام میں جنگ شروع ہونے کے بعد بھی ابو زاکور پیلا لباس پہنتے رہے۔ وہ گلیوں میں اپنے اسی حلیے میں گھومتے۔

جنگ کےد وران ان کے بارے میں طرح طرح کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں کہ وہ بشار الاسد کے مخبر ہیں یا اُن کے پیلے رنگ کے کپڑے داعش یا القاعدہ سے تعلق کو ظاہر کرتے ہیں۔
2013 کی ایک وائرل ویڈیو میں سیرین لبریشن آرمی کے ارکان کو انہیں زدوکوب کرتے دکھایا گیا ہے۔ وہ ابو زاکور سے  پوچھ رہے تھے کہ وہ پیلے کپڑے کیوں پہنتا ہے ۔ جواب میں ابو زاکور کہتے سنائی دیتے ہیں کہ وہ صرف پیلے کپڑے ہی پہنتے ہیں لیکن اس جواب سے سیرین لبریشن آرمی کی تسلی نہیں ہوتی۔

یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد آج لوگ حیران ہوتے ہیں کہ ابو زاکور جنگ سے کیسے بچ گئے۔حال ہی میں انہوں نے ایک تصویر پوسٹ کی ہے، جس میں وہ حَلب شہر میں اپنے مخصوص حلیے میں گھوم رہے ہیں۔ اس تصویر کو دیکھ کر لوگوں کے چہرے پر ایک بار پھر مسکراہٹ آ گئی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ جب وہ گلیوں میں گھومتے ہیں تو لوگ مسکراتے ہیں، ان کے ساتھ اپنی تصویریں بنواتے ہیں، ان سے مذاق کرتے ہیں۔ ابو زاکور کا کہنا ہے کہ یہی محبت ہے۔ ابو زاکور کا کہنا ہے کہ جب تک وہ زندہ ہیں وہ یہی رنگ پہنتے رہیں گے۔