ْتھر کے قحط متاثرین میں روزانہ کی بنیاد پر مفت گندم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، سندھ حکومت

منگل 15 جنوری 2019 17:39

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) تھر کے قحط متاثرین میں روزانہ کی بنیاد پر مفت گندم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے جس میں پہلے مرحلے میں دو لاکھ 47 ہزار 165 خاندانوں، دوسرے مرحلے میں دو لاکھ 51 ہزار 997 متاثرہ خاندانوں میں 50 کلو کے حساب سے مفت گندم تقسیم کی جا چکی ہے۔ اسی طرح تھر کی حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین میں راشن بیگ تقسیم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے اعلامیے کے مطابق رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ضلع کے تمام ہسپتالوں میں پانچ سال اور اس سے کم عمر بچوں کی او پی ڈی کی گئی جن میں 25 بچوں کو صحتیابی کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا۔ اسی طرح محکمہ بہبود آبادی تھرپارکر میں خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کی فراہمی کے لئے مختلف حلقوں میں لگائے گئے کیمپوں میں 148 خواتین کو خاندانی منصوبہ بندی اور مختلف پروگراموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک تھرپارکر کے زیراہتمام روزانہ کی بنیاد پر 12 گاؤں میں ویٹرنری کیمپوں کے ذریعے جانوروں کی ویکسینیشن اور بیمار جانوروں کا علاج کیا گیا جبکہ گذشتہ روز 31 بیمار جانوروں جو دست کی بیماری میں مبتلا تھے ان کا علاج اور 7231 جانوروں کی ویکسینیشن کی گئی۔

متعلقہ عنوان :