سول و ملٹری قیادت ایک پیج پر ہے‘ حکومت کسی دبائو میں آئیگی نہ کسی قسم کا سمجھوتہ ہوگا، سینیٹر فیصل جاوید

اپوزیشن واک آئوٹ کے ذریعے فرار کا راستہ چاہتی ہے، ملک کو آگے بڑھانے کے لئے احتساب واحد راستہ ہے ، میڈیا سے گفتگو

منگل 15 جنوری 2019 19:11

سول و ملٹری قیادت ایک پیج پر ہے‘ حکومت کسی دبائو میں آئیگی نہ کسی قسم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سول و ملٹری قیادت ایک پیج پر ہے‘ حکومت کسی دبائو میں آئیگی نہ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہوگا‘ اپوزیشن واک آئوٹ کے ذریعے فرار کا راستہ چاہتی ہے،ملک کو آگے بڑھانے کے لئے احتساب واحد راستہ ہے ۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن واک آئوٹ پر واک آئوٹ کر رہی ہے اس سے بہت غلط تاثر جارہا ہے، یہ فرار ہونے کا راستہ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سڑکوں پر لانے کے لئے یہ پہلے جی ٹی روڈ پر نکلے تھے جس میں ناکام ہوئے، اب واک آئوٹ کے ذریعے این آر او مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ فوج کے خلاف باتیں کرتے تھے اب تعریفیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول و ملٹری قیادت ایک پیج پر ہے، حکومت کسی کے دبائو میں نہیں آئیگی نہ ہی کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے عالمی سطح پر اپنا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن کو سپریم کورٹ کا فیصلہ اچھا لگا،پہلے پانچ ججز کے خلاف بولتے تھے اب کیوں نہیں بول رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لئے احتساب واحد راستہ ہے ۔