خاتون سے دوستی کے چکر میں بھارتی فوجی نے فوجی راز فاش کرڈالے

معاملہ سامنے آنے پر بھارتی فوجی کو 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 15 جنوری 2019 20:11

خاتون سے دوستی کے چکر میں بھارتی فوجی نے فوجی راز فاش کرڈالے
نئی دہلی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 جنوری 2019ء) :22 سالہ بھارتی فوجی آن لائن محبت کے چکر میں جیل جا پہنچا۔بھارتی فوجی نے پاکستان سے چلائے جانے والے جعلی اکاونٹ کو خاتون کا اکاونٹ سمجھ کر حساس معلومات فراہم کردیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت اپنی آزادی کے فوری بعد سرحدی تنازعے کا شکار ہو گئے تھے ،اس تنازعے نے دونوں ممالک کو اب تک 3 بڑی جنگوں سے دوچار کر دیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بھارت اور پاکستان نے اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے لاکھوں سپاہیوں کو سرحد پر تعینات کر رکھا ہے۔تاہم سرحد میں موجود فوجیوں میں سے ایک فوجی سومبر سنگھ بھی تھا کہ پاک بھارت سرحد کے قریب ہی تعینات تھا تاہم سومبر سنگھ جلد ہی ایک آن لائن محبت میں مبتلا ہو گیا۔پاکستان سے چلائے جانے والے جعلی اکاونٹ نے سومبر سنگھ کو پھانس لیا۔

(جاری ہے)

سومبر سنگھ نے مذکورہ اکاونٹ کے ذریعے ایک خاتون سے دوستی کر لی۔دوستی بڑھتے بڑھتے محبت میں تبدیل ہو گئی۔خاتون کی جانب سے سومبر سنگھ کو جنسی اشتعال دلانے والے پیغامات بھیجے گئے تو سومبر سنگھ سب بھول گیا۔وہ سمجھ رہا تھا کہ اس اکاونٹ کو بھارتی فوج کی میڈیکل افسر چلا رہی ہے جبکہ بھارتی فوج کا ددعویٰ ہے کہ یہ ایک جعلی اکاونٹ ہے جسے پاکستان سے چلایا جا رہا تھا۔

دونوں میں پیغامات سلسلہ اتنا بڑھا کہ سومبر سنگھ نے اس خاتون سے رقوم بھی حاصل کیں بعد ازاں اس محبت کے چکر میں سومبر سنگھ نے حساس عسکری معلومات اس اکاونٹ کو بھیج دیں جن میں فوجوں کی نقل و حرکت اور ٹینکوں کی نقل و حرکت سے آگاہی شامل تھی۔جلد ہی سومبر سنگھ کا راز فاش ہو گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔بعد ازاں جرم ثابت ہو جانے پر سومبر سنگھ کو 3 سالہ قید کی سزا سنا دی گئی۔ اس واقعے کے بعد ہی انڈین ارمی چیف نے فوجیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پاکستانی خواتین کے ناموں والے آن لائن اکاونٹس سے دور رہیں۔

متعلقہ عنوان :