پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی زیرِ صدارت اجلاس

پی ایس ایل میچز کے دوران فول پروف سکیورٹی مہیاکی جائے گی‘کیپٹن (ر)فضیل اصغرکا اجلاس سے خطاب

منگل 15 جنوری 2019 23:10

پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر)فضیل اصغر کی زیرِ صدارت لاہور سول سیکرٹریٹ میں پی ایس ایل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پی ایس ایل کے انتظامات کے متعلق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو بریف کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ڈاکٹر ثاقب احمد ، ڈپٹی سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ڈاکٹر احسن منیر بھٹی ،چیف آپریٹنگ آفیسرپاکستان کرکٹ بورڈ سبحان احمد ،کرنل اشفاق احمد ،سینئرجنرل منیجرپاکستان کرکٹ بورڈ ، کرنل آصف بٹ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی اوریونس بٹ سینئر منیجر سکیورٹی پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرکت کی ۔

لاہور میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل میچز کے انتظامات کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل سبحان احمدنے تفصیل کے ساتھ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو بریف کیا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل میچز مارچ کو لاہور میں ہوں گے اس حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو جلد از جلد مکمل کیاجائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر)فضیل اصغر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران کومیچز کے دوران فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔

انہوںنے کہا پنجاب خصوصاً لاہور میں کرکٹ کو بہت پسند کیاجاتا ہے اس لئے شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔پنجاب حکومت لاہور میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوںنے کہا کہ سکیورٹی نافذ کرنے والے تمام ادارے پی ایس ایل کے دوران امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے مکمل تعاون کریں گے ۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ممبران نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔