شام میں محفوظ زون تعمیر کریں گے،طیب اردوان

منگل 15 جنوری 2019 23:39

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کی فوج شام کے شمالی علاقے میں 20 میل طویل ‘محفوظ زون’ تعمیر کریگی جس کیلئے امریکا اور دیگر اتحادیوں سے مالی تعاون درکار ہوگا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیب اردوان کی جانب سے یہ بیان اس وقت آیا ہے جب جنگ زدہ شام کے لیے اقوام متحدہ کے نئے نمائندے دمشق کے پہلے دورے پر موجود ہیں جنہوں نے رواں ماہ ہی عہدہ سنبھالا تھا۔

(جاری ہے)

طیب اردوان نے پارلیمنٹ میں حکمران جماعت کے اراکین سے خطاب میں کہا کہ زون کی تعمیر سے ‘دہشت گرد دور’ ہوں گے، شہریوں کا تحفظ اور مہاجرین کی روانی کو روک دیا جائے گا۔قبل ازیں طیب اردوان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا اور دونوں رہنمائوں نے معاملے پر تبادلہ خیال کیا تھا جس کا مقصد امریکی صدر کے ترکی کے حوالے سے متنازع ٹویٹ کے بعد پیدا صورت حال کو ٹھیک کرنا تھا۔ٹرمپ نے دو روز قبل ترکی کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ انقرہ کو شام میں امریکی حمایت یافتہ کرد فورسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔اردوان نے ٹیلی فونک گفتگو کے بارے میں کہا کہ دونوں رہنما تاریخی اہمیت کو سمجھنے پر متفق ہوگئے ہیں۔