چاروں صوبوں کے بلدیات کے محکموں کا بین الصوبائی اجلاس کل لاہور میں ہوگا

نئے بلدیاتی نظام سمیت مختلف امور زیر غورآئیں گے، سینئر وزیر پنجاب صدارت کریں گے

بدھ 16 جنوری 2019 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) چاروں صوبوں کے بلدیات کے محکموں کا 5واں بین الصوبائی اجلاس کل (جمعرات )17جنوری کو لاہور میں منعقد ہو گا جس میں صوبوں کے بلدیات کے وزراء صاحبان کے علاوہ سیکرٹری صاحبان بھی شریک ہوں گے ،سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ یو این ڈی پی اور جرمن ادارے جی ٹی زی کے مندو بین بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے ، بلوچستان کے وزیر بلدیات ساجد بھوتانی آج لاہور پہنچ گئے جبکہ کے پی کے کے صوبائی وزیر بلدیات شاہرام ترکئی آج صبح آئیں گے ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی دیگر صوبوں کے بلدیات کے وزراء کے ساتھ خصوصی نشست ہو گی جبکہ اس اجلاس میں بالخصوص پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام سمیت مختلف امور زیر غور آئیں گے ، اسی طرح دیگر صوبوں کے بلدیاتی نظام کو بھی زیر بحث لایا جائے گا اور عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسی سفارشات پیش کی جائیں گی جنہیں ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل میں اپنایا جا سکے ۔