راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبرکیبل کا منصوبہ 44ملین ڈالر کی لاگت سے دسمبر 2018 میں مکمل،820کلومیٹر پر آپٹیکل فائبر بچھا دی گئی، سی پیک سیکریٹریٹ

بدھ 16 جنوری 2019 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبرکیبل کا منصوبہ 44ملین ڈالر کی لاگت سے دسمبر 2018 میں مکمل ہوا ہے یہ منصوبہ 820کلومیٹر پر محیط ہے۔سی پیک سیکریٹریٹ کے حکام نے بتایا کہ سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان صنعتی و تیکنیکی تعاون کے منصوبوں میں راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبرکیبل کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن(ایس سی او) اور چین کی ہواوے ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ نے اہم کردارادا کیا ہے، اس منصوبہ کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر لائن بچھائی گئی ہے ،اس اہم منصوبہ سے دونوں پڑوسی اوردوست ممالک کے درمیان سٹریٹجک لائن قائم ہونے کے ساتھ ساتھ دورافتادہ علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی فراہمی میں بلاشہ ایک انقلاب بھرپا ہوگا۔

اس منصوبہ پر تقریبا 44 ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے اور یہ منصوبہ 2018میں مکمل ہوا ہے۔ ٹی ڈی اور ایل ٹی ای کے کمرشلائزیشن منصوبے بھی سی پیک کے صنعتی تعاون کے منصوبوں کا حصہ ہے ، اس منصوبے کے تحت ملک میں ہائی سپیڈ وائرلیس کمیونیکیشن اور ڈیٹا ٹرمینلز کی کارگردی اور معیار کو بہتر بنایا جارہا ہے۔