وزیرصحت خیبرپختونخوا کی صوبے کے تمام ہسپتالوں کو ادویات کی سپلائی کا نظام موثر بنانے کی ہدایت

بدھ 16 جنوری 2019 23:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کو ادویات کی سپلائی کا نظام موثر بنانے اور ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پبلک ہیلتھ سپلائی چین منصوبے کا افتتاح کردیا، منصوبہ صوبائی حکومت نے یوایس ایڈ کے گلوبل ہیلتھ سپلائی چین پروکیورمنٹ اینڈ سپلائی مینجمنٹ پروگرام کے باہمی اشتراک سے شروع کیاہے،اس حوالے سے اسلام آباد میں بدھ کے روز افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیرصحت کے علاوہ رکن قومی اسمبلی شوکت علی،صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل، مشیرصحت ڈاکٹر جواد واصف اوردیگر ہیلتھ افسران اوریوایس ایڈکے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ منصوبے کو ابتداء میں چار اضلاع چارسدہ، سوات، بونیر اور لکی مروت میں شروع کیاگیا ہے جبکہ بہت جلد اسے صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی جسکے ذریعے ادویات کی سپلائی میں درپیش مسائل کو دور کیا جاسکے گا، اس اقدام سے ایم ٹی آئیز سمیت ڈی ایچ کیوز، ٹی ایچ کیوز اور دیگر طبی مراکز میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے اس اقدام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یوایس ایڈکے تعاون کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے ادویات سپلائی کا نظام مزید موثر اور تیز ہوگا جبکہ لوگوں کو ان کے قریبی ہسپتالوں میں معیاری ادویات میسر ہو ں گی، انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ اس قسم کی اصلاحات موجودہ حکومت کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے نہایت ضروری ہیں تاکہ پرائمری، سکینڈری اور ایم ٹی آئیز سطح پرایک معیاری نظام علاجِ کو رائج کیاجاسکے۔

صحت اصلاحات تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے تحت پرائمری سمیت صوبے کے تمام ہسپتالوں کا نظام بہتر بنایاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ڈی ایچ کیو زاور ٹی ایچ کیوز میں ڈرگ اینڈ ڈیوائس انفارمیشن سسٹم کا ایک ایسا نظام متعارف کیاجائیگا جو اسلام آباد کے تدریسی ہسپتالوں میں اسوقت نافذ ہے، انہوں نے بتایا کہ ان اصلاحات سے صوبے کے ڈاکٹروں کا ڈیٹا بیس معیاری بنانے کیساتھ ساتھ عوام اور حکومت کے درمیان دوریاں ختم ہوں گی اور ہیلتھ سروسز سے متعلق عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہوسکے گا۔

وزیرصحت نے صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے سرگرم پارٹنرز او رڈونرز سے درخواست کی کہ وہ آگے آئیں اور صحت نظام کی بہتری میں حکومت کا ساتھ دیں۔ تقریب سے سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر فاروق جمیل نے بھی خطاب کیا اور صحتِ کے شعبے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔