دنیا کے تنہاترین مینڈک ”رومیو“ کو دس سال بعد ”جیولٹ“ مل گئی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 17 جنوری 2019 12:12

دنیا کے تنہاترین  مینڈک ”رومیو“ کو دس سال بعد  ”جیولٹ“ مل گئی

جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے نے پچھلے سال ہنگامی طور پر  بولیویا کے آبی مینڈک کی مادہ کی تلاش کی درخواست کی تھی۔ رومیو نامی یہ مینڈک اپنی نسل کاآخری نر مینڈک سمجھا جارہا تھا۔خوش قسمتی سے 10سال سے کنوارے  رومیو کے لیے آبی جنگل سے  ایک جیولٹ ڈھونڈ لی گئی ہے۔  صرف جیولٹ ہی نہیں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی ٹیم کو سیہونکاس آبی مینڈکوں کی نسل کے چارمزید مینڈ ک ملے ہیں۔

ماہرین کو امید ہے کہ اب  اس نسل کے مینڈکوں کو معدومی سے بچایا جا سکے گا۔
اس سے پہلے اسی علاقے میں  مادہ مینڈک کی تلاش کی مہم ناکام ہو چکی ہے لیکن اس بار بولیویا کےجنگلی علاقے میں  گلوبل وائلڈ لائف کنزرویشن اورالسائیڈ دو اوربینجی نیچرل ہسٹری میوزیم کی مشترکہ مہم  کامیاب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)


جیولیٹ کی تلاش کی مہم کے لیے پچھلے سال ویلنٹائن ڈے پر فنڈ جمع کرنے کی مہم شروع کی گئی تھی۔

اس سال ویلنٹائن سے پہلےہی رومیو کو جیولٹ مل گئی۔
رومیو دس سال پہلے بولیویا کے اسی علاقے سے ملا تھا، جہاں سے اب جیولٹ ملی ہے۔ ماہرین کا خیال تھا کہ رومیو اپنی نسل کا آخری واحد مینڈک ہے۔ اس نسل کے مینڈکوں کی عمر 15 سال تک ہوتی ہے۔ ماہرین کافی پریشان تھے کہ وقت گزرتا جا رہا ہے اور انہیں اب تک افزائش نسل کے لیے مادہ مینڈک نہیں ملی۔
پچھلے سال ویلنٹائن ڈے پر جنگل میں مادہ مینڈک کی تلاش کی مہم کے لیے فنڈ جمع کرنے کی درخواست پر ڈھائی لاکھ ڈالر جمع ہوئے تھے۔ اس رقم سے علاقے میں 1 ہفتے سے 10 دن کی 8 مہم روانہ کرنے کا انتظام کیا گیا۔ ان میں سے 4 مہم تو مکمل ہو چکی ہیں جبکہ بقیہ 4 دیگر علاقوں میں روانہ کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :