ڈرون سرویز کی حکمت عملی سود مند ثابت ہو رہی ہے ، سٹرائیو سسٹم سے سو فیصد نتائج کیلئے ایف بی آر کے ساتھ رابطے میں ہیں‘مخدوم ہاشم بخت

فاق کیساتھ ان پٹ ایڈجسٹمنٹ کے مسائل بہت جلد حل کر لیے جائینگے،اپریل کے اختتام تک سنگل پورٹل کومکمل طور پر فنکشنل کر دیا جائیگا خدمات پر سیلز ٹیکس کی وصولیوں میں شفافیت کے لیے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ رولز وضع کیے جا چکے ہیں جن کا اطلاق ریسٹورانٹس اور بیوٹی پارلرز سمیت تمام سروسز پر ہو گا‘صوبائی وزیر خزانہ کا پنجاب ریونیو اتھارٹی میں اجلاس سے خطاب

جمعہ 18 جنوری 2019 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) ڈرون سرویز کی حکمت عملی سود مند ثابت ہو رہی ہے ، سٹرائیو سسٹم سے سو فیصد نتائج کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ رابطے میں ہیں،وفاق کے ساتھ ان پٹ ایڈجسٹمنٹ کے مسائل بہت جلد حل کر لیے جائیں گے،اپریل کے اختتام تک سنگل پورٹل کومکمل طور پر فنکشنل کر دیا جائے گا،خدمات پر سیلز ٹیکس کی وصولیوں میں شفافیت کے لیے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ رولز وضع کیے جا چکے ہیں جن کا اطلاق ریسٹورانٹس اور بیوٹی پارلرز سمیت تمام سروسز پر ہو گا،ای کورٹس کے بعد ای پروسیڈنگز کی طرف بڑھ رہے ہیں، پنجاب ریونیو اتھارٹی چیلنجز کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے گزشتہ روزپنجاب ریونیو اتھارٹی میں جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں کارروبار میں اضافے اور سرکاری سطح پر ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ مانیٹرنگ کے عمل کو بہتر بنایا جائے اور ٹیکس دہندگان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں ۔

اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو اور اکسائزاینڈ ٹیکسیشن میں بھی اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں ۔ کوشش ہے کہ صوبائی سطح پر تمامتر محصولات کی وصولیاں ایک چھت کے نیچے ممکن ہوں اور آئن لائن سسٹم کو پھیلایا جائے۔ اجلاس کا مقصد پنجاب ریونیو اتھارٹی کی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور مستقبل میں وصولیوں میں اضافے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری اور پی آر اے کے سابق چیئرمین راحیل احمد صدیقی موجود تھے جبکہ دیگر شرکاء میں سیکرٹری فنانس شیخ حامد یعقوب، ایڈیشنل سیکرٹری عبدالرحمان ،چیئرمین پی آر اے جاوید احمد اور محکمہ خزانہ کے متعلقہ افسران شامل تھے ۔اس موقع پر چیئر مین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ میں ٹیکس نیٹ میں اضافے اور ڈون سٹریٹجی کے استعمال سے محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔

حال ہی میں ڈرونز نے 22نئے وئیر ہائوسسز کی نشاندہی کی ہے ۔اس کے علاوہ فوڈ اور کنسٹریکشن سیکٹر کی شمولیت بھی سود مند ثابت ہو رہی ہے ۔ چیئرمین نے صوبائی وزیر کو پی آر اے میں ہیومن ریسورس سے متعلقہ مسائل اور کورٹ کیسز کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ اتھارٹی میں تعیناتیوں کے حوالے سے کنٹریکٹ پالیسی وضع کریں جبکہ ایچ آر سے متعلقہ دیگر معاملات میرٹ کی بنیاد پر قوانین کے مطابق حل کیے جائیں اورقانونی معاملات کے حل کے لیے مناسب مشاورت لی جائے ۔