ْاسرائیل کیساتھ تعلقات کیخلاف ملائیشیا کا موقف قابل تحسین، عرب ممالک کیلئے نمونہ ہے، حماس

جمعہ 18 جنوری 2019 20:16

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) حماس نے ملائیشیا کی حکومت کی طرف سے اسرائیل سے تعلقات کیخلاف اپنائے جانے والے موقف کو سراہتے ہوئے پوری مسلم دنیا اور عرب ممالک کیلئے نمونہ قرار دیا ہے۔حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا کہ ملائیشیا کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ کھیلوں کے شعبے میں تعلقات کے قیام کو مسترد کرنے کا اعلان قابل تحسین اور عالم اسلام کیلئے نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس ملائیشیا کی حکومت کے اسرائیل کے کھلاڑیوں کو اپنی سرزمین میں داخل نہ ہونے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔خیال رہے کہ ملائیشیا میں ہونیوالی پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں اسرائیلی سوئمرز کو حصہ لینے کی اجازت نہ دینے پر انٹرنیشنل این جی اوز کی جانب سے ملائیشیا پر تنقید کی گئی جس کے جواب میں وزیراعظم مہاتیر محمد نے دو ٹوک اور صاف الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیرا سوئمنگ چمپئن شپ میں کسی اسرائیلی کو شرکت کی اجازت نہیں ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کا قانون اسرائیلی شہریت رکھنے والوں کو ملائیشیا میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا اور اسرائیل کیلئے ملائیشیا کے قوانین میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جاے گی۔ملائیشیا کے شہر کوچنک میں رواں سال 29 جولائی کوپیر ا سوئمنگ چمپئن شپ میں اسرائیلی ایتھلیٹس کی شرکت پر وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے پابندی عائد کر دی ہے۔ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے جو مقبوضہ فلسطین میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ کسی این جی او کو نظر نہیں آتا نہتے نوجوانوں بوڑھوں بچوں و عورتوں کو جس طرح شہید کیا جا رہا ہے اس صورتحال پر ملائیشیا کا دوٹوک موقف ہے اسرائیل کے شہریت کے حامل باشندوں پر پابندی رہے گی۔