ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، مغوی بچے بازیاب کروا لیے گئے

سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک ، فائرنگ کا واقعہ مشکوک قرار دے دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 14:32

ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، مغوی بچے بازیاب کروا لیے گئے
ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : ساہیوال میں سی ٹی ڈی حکام نے کارروائی کی ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران مغوری بچوں کو بازیاب کروالیا گیا جبکہ سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت چار افراد بھی ہلاک ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے ساہیوال میں تھانہ یوسف والا کی حدود میں قادر آباد کے قریب یہ کارروائی کی، سی ٹی ڈی کی ٹیم لاہور سے اس گاڑی کا پیچھا کر رہی تھی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گاڑی کو روکنے پر اغوا کاروں نے سی ٹی ڈی پر فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی میں دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق گاڑی کی تلاشی لینے پر ڈگی سے دو بچے بھی برآمد کیے گئے جن کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ گاڑی کو تحویل میں لے کر پولیس لائن بھجوا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ کارروائی فیصل آباد میں 16 جنوری کو ہوئےآپریشن کا حصہ تھی ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گروہ کافی عرصہ سے سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔ دوسری جانب ساہیوال میں ہوئی اس کارروائی کو مشکوک قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس ، سی ٹی ڈی اور عینی شاہدین کے بیانات میں تضاد ہونے کی وجہ سے اس کارروائی کو مشکوک قرار دیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔ فائرنگ سے دو خواتین اور دو مرد مارے گئے۔

ایک خاتون کی عمر 40 سال اور دوسری کی عمر 13 سال تھی۔ عینی شاہدین نے کہا کہ لاہور سے گاڑی آرہی تھی، پولیس نے فائرنگ کی۔ پولیس گاڑی سے ایک زخمی بچے کو اپنے ساتھ اسپتال لے گئی جن میں سے ایک بچہ زخمی تھا۔ گاڑی میں کپڑوں سے بھرے تین بیگز تھے جنہیں پولیس ساتھ لے گئی۔ دوسری جانب اسپتال میں موجود بچوں نے بیان دیا کہ مارے جانے والے ہمارے والدین تھے۔ ہم اپنے رشتہ داروں کے گھر جا رہے تھے، والدین نے پولیس کی بہت منتیں کیں لیکن کسی نے ایک نہ سنی۔ فائرنگ کا واقعہ مشکوک ہونے پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔