پہلا ون ڈے ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کیلئے 267رنز کا ہدف دیدیا

ہاشم آملا نے کیریئر کی 27ویں سنچری سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جنوری 2019 19:33

پہلا ون ڈے ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کیلئے 267رنز کا ہدف دیدیا
پورٹ ایلزبتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری2019ء) پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کےلئے 267رنزکا ہدف دیدیا ہے ۔ پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ہاشم آملا اور ریزا ہینڈرکس نے اننگزکا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے82رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد ہینڈرکس45رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے ،ہاشم آملا اور وین ڈرڈسن نے دوسری وکٹ کے لیے 155رنز جوڑے جس کے بعد وین ڈر ڈسن 93رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے ، ہاشم آملانے اپنے ون ڈے کیریئر کی27ویں سنچری مکمل کی اور جنوبی افریقہ نے 50اوورز میں2وکٹیں کھو کر266رنز سکور کیے ،آملا108اور ڈیوڈ ملر16رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں جنوبی افریقا سے ٹیسٹ سیریز کا بدلنے لینے کے لیے پرعزم ہے۔قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد، بابراعظم، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، محمد حفیظ، شاداب خان، شعیب ملک اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم ہاشم آملہ، ہینڈرکس، وینڈیر ڈیوسن، ڈوپلیسی، کلاسن، ربادا، پریٹوریس، اولیویر اور عمران طاہر کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پورٹ الزبتھ میں کوئی میچ نہیں ہارے، امید ہے آج بھی جیتیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم نے رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور جنو بی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں فخر زمان کو اہم ترین رول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم مینجمنٹ نے قومی ٹیم کے اوپنر کو کینگرو بلے باز ڈیوڈ وارنر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے انداز میں بلے بازی کرنےکی ہدایت کردی ہے، ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017ءکی طرح ورلڈکپ میں بھی فخر زمان ہی قومی ٹیم کی فتح میں اہم ترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کادوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا، تیسرا میچ 25 جنوری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا جب کہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 3 فروری کو جو ہانسبرگ میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔