مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں منقطع ،نوسیری ڈیم کو جانے والی مین شاہراہ بھی بارش اور ناقص میٹریل کے باعث بیٹھنی شروع ہوگئی

اتوار 20 جنوری 2019 14:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) آزادکشمیر سمیت مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں منقطع ،نوسیری ڈیم کو جانے والی مین شاہراہ بھی بارش اور ناقص میٹریل کے باعث بیٹھنی شروع ہوگئی،جس سے وادی نیلم اور مظفرآباد کا زمینی رابطہ بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے حکومتی اراکین منظرسے غائب! عوام کی مشکلات میں اضافہ،نہ پانی نہ بجلی ہر15منٹ کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار ،ٹیلیفونک رابطے بھی منقطع ہوکر رہ گئے،اشیاء خوردونوش اور ادویات نہ ہونے کے باعث عوام بیمار ہونے لگی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر سمیت مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دنوں سے جاری بارشوں اور برفباری کے باعث مختلف علاقوں کا دارلحکومت مظفرآبا د سے زمینی رابطہ منقطع ہوکر رہ گیا ہے وہاں بعض علاقوں میں گزشتہ 20روز سے اشیاء خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت کے باعث عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ،جبکہ اشیاء خوردونوش کی شدید قلت کے باعث منافع خوروں نے اسٹوروں میں اسٹاک کی جانے والے آٹا ،چاول،گھی،چینی،سمیت دیگر روز مرہ استعمال ہونے والی اشیاء میں 200%اضافہ کردیا،وہاں ایک عام آدمی کی خرید سے باہر ہوگئے جبکہ نوسیری ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کے قریب سے شاہراہ عام ناقص میٹریل اور بارشوں کے باعث بیٹھنی شروع ہوگئی ہے جس سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ سڑ ک دریائے نیلم میں گرنے سے باعث ایک بڑی دیوار کھڑی ہوجائے گی جس کے باعث دریائے نیلم کا پانی مکمل طور پر بند ہوجائے گا جبکہ وادی نیلم ،پنجکوٹ کا زمینی رابطہ دارلحکومت مظفرآبا د سے منقطع ہوگا،حکومت عد م توجہ کے باعث دارلحکومت مظفرآباد میں ہر 15منٹ کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حلقہ ایک کوٹلہ،لچھراٹ میں بجلی ایک ایک ہفتے سے لاپتہ ہے محکمہ برقیات کا عملہ شدید برفباری میں گھروں کے اندر محصو ر ہوکر رہ گیا ، عوام نے شدید احتجاج کا اعلان کردیا۔