آج سیفٹی ڈے کو بطور احتجاجی سیفٹی ڈے منایا جائیگا ، صوبائی سیکرٹری سندھ

پیر 21 جنوری 2019 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) آج سیفٹی ڈے کو بطور احتجاجی سیفٹی ڈے منایا جائیگا کیونکہ حادثات کے ذمہ دار عناصر کے خلاف ادارے کا کاروائی نہ کرنا انکی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے جزا و سزا کا عمل نہ ہونے کے باعث حادثات پر قابو پائیہ نہیں جارہا ہے اور حادثات بدستور جاری ہیں۔ یونین نے ملازمین دفتر اور بچوں کو اسکول لانے لیجانے کیلئے حیسکو کی سطح پر احکامات صادر کرادیئے ہیں جو قاسم آباد، لطیف آباد و شہر کے راستوں پر چلاکریگی۔

ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (CBA) سندھ کے صوبائی سیکریٹری اقبال احمد خان نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونین کے دیگر صوبائی عہدیدار ملک سلطان علی، اعظم خان ، محمد حنیف خان، ریحان اقبال قائمخانی ، اسد اللہ ، عبدالمناف نظامانی ، رائو سعید احمد ، عبدالوحید پٹھان، رائو سعید احمد، ہاشم علی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سی بی اے یونین واپڈا کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد محنت کشوں کی نمائندہ ہے اور وہ مسلسل چھ ریفرنڈموں میں کاغذی ، سیاسی جماعتوں کے دم چھلوں ، لسانی اور مذہبی تفریق کے عناصر کو عبرت ناک شکست سے ہمکنار کرتی چلی آرہی ہے ملازمین کے اس بھاری اعتماد کے باعث ملازمین کے مسائل کی بھی ہم پر بھاری ذمہ داریاں ہوتیں ہیں اور جب انکے جائز مسائل بھی حل نہ ہوں تو ملازمین میں بے چینی کا پھیلنا فطری عناصر ہے لہذا یونین نے فیصلہ کیا ہے کہ سیفٹی ڈے کو اب ططور احتجاجی سیفٹی ڈے کے طور پر منایا جائیگا، کیونکہ حادثات کا نہ رکنے کی دیگر وجوہات ہیں ادارے کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف جزا و سزا کے قانون پر عمل درآمد نہ ہونا بھی اہم عنصر ہے اسکے علاوہ سیفٹی کے حوالے سے معیاری ٹی اینڈ پی، پی پی ای اور بکٹ مائونٹینٹس گاڑیاں بھی اب تک فراہم نہیں کی گئیں جبکہ یہ باتیں پہلے سے منظور کردہ ہیں۔

اقبال احمد خان نے مزید کہا کہ ہمارے مرکزی قائدین عبداللطیف نظامانی اور خورشیداحمد شبانہ روز نہ صرف واپڈا کے محنت کشوں کی بلکہ پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے ملک گیر پلیٹ فارم سے پورے ملک کی دیگر ٹریڈ ز یونین کے ساتھ مل کر دیگر اداروں کے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہے ہیں ہمارے صدر یونین عبداللطیف نظامانی نے حیسکو کے ملازمین و بچوں کو دفاتر اور اسکول لانے لیجانے کیلئے بس / وین سروس چلنے کے احکامات صادر کرادیئے ہیں اس حوالے سے جو ملازمین یہ سہولت حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ ادارے کے ٹرانسپورٹ پول کے دفتر سے رابطہ کرکے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرالیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں آخر میں انہوں نے تمام یونین عہدیداران اور فنی ملازمین کو تاکید کی کہ وہ صبح دس بجے تک لیبر ھال آجائیں تاکہ سیفٹی ڈے کی تقریب کا آغاز بروقت شروع ہوسکے۔