مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا نواز شریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار

پیر 21 جنوری 2019 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی قائد محمد نواز شریف کو کل صبح جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ میاں نواز شریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات ملی ہیں جن پر سخت تشویش ہے، تاحال ہمیں محمد نواز شریف کی صحت اور ان کے جیل سے ہسپتال منتقل کئے جانے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی جس پر فکر مند ہیں۔

پارٹی کی قائد کی صحت اور ان کی ہسپتال منتقلی کی خبروں کی اطلاعات پر اندرونی اور بیرون ملک کارکنان میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل حکام کی جانب سے محمد نواز شریف کا طبی معائنہ کرنے والے دو میڈیکل بورڈز کی رپورٹس بھی تاحال نہیں دی گئیں۔ لیگی ترجمان نے سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالہ سے تمام صورتحال سے آگاہ کرنے اور ان کے علاج معالجہ کیلئے بلاتاخیر ضروری اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔