چئیرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز کا اجلاس،

جعلی اکائونٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

منگل 22 جنوری 2019 15:57

چئیرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز کا اجلاس،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکائونٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت ایک اہم ترین اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پراسیکوٹر جنرل نیب ، ڈی جی آپریشنز، ڈی جی راولپنڈی اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیک اکائونٹس کیس میں فیصلہ کا انتہائی گہرائی اور گہرائی سے جائزہ لیاگیا اور نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔جس کی سربراہی عرفان نعیم منگی ، ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کریں گے اور اس کی براہ راست نگرانی قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال کریں گے۔

(جاری ہے)

نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے قانون کے مطابق باقاعدہ طور پر ا پنا کام شروع کردیا ہے۔ نیب نے ایک مرتبہ پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کی روشنی میںنیب قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ فیک اکائونٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کریں ۔