6 ممالک کے ساتھ 100 ارب سالانہ یا زیادہ کی برآمدات ہوتی ہیں، سب سے زیادہ برآمدات چین کے لئے ہوتی ہیں، پیپلزپارٹی کے دور میں 249 ارب کی برآمدات تھی جو 185 ارب تک گر گئیں، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کا سینیٹ میں جواب

منگل 22 جنوری 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معیشت کو بہتر بنانے کا شور تو بہت کیا کئی اہم ممالک کے لئے پاکستان کی برآمدات میں کمی ہوئی، موجودہ حکومت کے اقدامات سے برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر عتیق شیخ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ چھ ایسے ممالک ہیں جن سے 100 ارب سالانہ یا زیادہ کی برآمدات ہوتی ہیں، سب سے زیادہ برآمدات چین کے لئے ہوتی ہیں، پیپلزپارٹی کے دور میں 249 ارب کی برآمدات تھی جو 185 ارب تک گر گئیں، متحدہ عرب امارات کو برآمدات پیپلزپارٹی کے دور میں 180 ارب تھیں جو 103 ارب تک آ گئیں، جنوبی افریقہ کے لئے برآمدات 30 ارب سے 19 ارب، ترکی کو 41.17 ارب سے 36.87 ارب، روس کے لئے 19 سے 16 ارب پر آ گئیں۔

اسی طرح مصر، ایران سمیت کئی ممالک کے لئے برآمدات میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، جو کام سابق حکومت نے نہیں کیا وہ ہم کریں گے، چین کو برآمدات بھی بڑھیں گی۔