Live Updates

باجوڑ، صوبائی حکومت ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہے، صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان

منگل 22 جنوری 2019 21:30

باجوڑ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) صوبائی وزیر مواصلات خیبر پختونخوا اکبر ایوب خان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہے، آئندہ چند سالوں کے اندر قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح تعمیر و ترقی میں شامل کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر موصلات اکبر ایوب نے منگل کے روز باجوڑ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قبائلی اضلاع میں بد امنی اور غیر یقینی صورتحال کیوجہ سے یہاں صحت، تعلیم اور سڑکوں کی ناگفتہ بہہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں سمیت یہاں کے غیور قباٰلی عوام نے لازوال قربانیاں دیکر امن کے قیام کو ممکن بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی آر جیسے ظالمانہ قوانین کی وجہ سے یہاں کے عوام کی تعمیر وترقی کا پہیہ جام ہوچکا تھا لیکن اب وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر قبائلی اضلاع میں میگا پراجیکٹس سمیت بے شمار منصوبے شروع کئے جائینگے جس سے قبائلی عوام کے درینہ مسائل کا خاتمہ ہوگا۔

صوبائی وزیر نے نواپاس اور شینکوٹ سڑکوں کا افتتاح کرتے ہوئے منڈا تا مامد گٹ مین سڑک کی دوبارہ تعمیر کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ کنٹریکٹرز اور باجوڑ پریس کلب کے صحافیوں کے وفد نے بھی صوبائی وزیر کیساتھ ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے باجوڑ پریس کلب کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اور صحافی برادری کیلئے میڈیا کالونی تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر باجوڑ کے دونوں حلقوں کے ایم این ایز، گل ظفرخان,گل داد خان اور ڈی سی باجوڑ محمد عثمان محسود اور دیگر محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات