سابق اراکینِ اسمبلی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ملک کے سماجی واقتصادی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

سابقہ اراکینِ پارلیمنٹ کے تجربات اور حکمت کے ذریعے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے،اسد قیصر

جمعرات 7 فروری 2019 18:13

سابق اراکینِ اسمبلی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ملک کے سماجی واقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سابقہ اراکینِ اسمبلی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ملک کے سماجی واقتصادی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے تشخص کو اُجاگر کرنے اور اداروں کی تعمیر و ترقی میں ان کے مثبت کردار کو سراہا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سابق اراکینِ پارلیمنٹ کے فورم کے اجلاس سے جمعرات کے روز خطاب کرتے ہوئے کیا.انہوں نے کہا کہ سابقہ اراکینِ پارلیمنٹ کے تجربات اور حکمت کے ذریعے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سابقہ اراکینِ پارلیمنٹ کواپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر قوم کے مفاد میں کام کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد اور یتیم بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چاروں صوبائی دارلحکومتوں میں ولیجزقا ئم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان ولیجز کے قیام اور نگرانی کے لیے سابقہ پارلیمینٹیرینز کے تجربے سے مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان ولیجز میں خصوصی افراد کے لیے اسکول، ہسپتال اور فنی تربیت کے مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ارکانِ پارلیمنٹ کے تجربات پارلیمان کو فعال، متحرک، اور عوام کی توقعات کے مطابق بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں انہوں نے قائمہ کمیٹیوں اور دیگر پارلیمانی کمیٹیوں کے کام کو موثر اور فعال بنانے کے لیے سابقہ ارکانِ پارلیمنٹ کی رائے کو شامل کرنے کی تجویز دی۔

انہوں نے ملک میں جمہوریت کو فروغ دینے کے لیے سابقہ پارلیمینٹیرین فورم کو مستحکم بنانے کا یقین دلایا۔اسد قیصر نے سابقہ اراکینِ قومی اسمبلی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور یہ اس اجلاس کو منعقد کروانے پرسابقہ پارلیمنیٹیرین فورم کے کنوینر زمردخان کی کاوشوں کو سراہا۔سابقہ پارلیمنیٹیرین فورم کے کنوینر زمردخان نے فورم کی حمایت کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سابقہ اراکینِ پارلیمنٹ ملک کی ترقی و خوشحالی اور جمہوریت کے فروغ کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے۔اس موقع پر دیگر شُرکا نے خطاب کرتے ہوئے اس فورم کو مزید فعال اور مُستحکم بنانے کے لیے تجاویز دیں۔ اجلاس میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کرنیِ اور مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی افواج کی بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کرنے کے لیے قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سید خورشید احمد شاہ سمیت موجودہ قومی اسمبلی اور سابقہ قومی اسمبلیوں کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔