شادی کے موقع پر دلہا نے اپنی دلہن کو حق مہر میں ہاتھ سے لکھے قرآن پاک کا تحفہ دے دیا

قرآن پاک دُلہا نے خود اپنے ہاتھوں سے لکھ کر تیار کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 فروری 2019 14:32

شادی کے موقع پر دلہا نے اپنی دلہن کو حق مہر میں ہاتھ سے لکھے قرآن پاک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 فروری 2019ء) : اپنی شادی کو یادگار بنانا ہر نوجوان لڑکے اور لڑکی کا خواب ہوتا ہے۔ کچھ جوڑے اپنی شادی کو صرف اپنے لیے یاد گار بنانے کا انتظام کرتے ہیں اور اس کے لیے سادگی کو اپنا شیوہ بنا لیتے ہیں جبکہ کچھ جوڑے اپنی شادی پر دھوم دھام سے خرچ کرتے ہیں اور اسے نہ صرف اپنے لیے بلکہ شادی میں آئے مہمانوں کے لیے بھی یادگار بنا دیتے ہیں۔

حال ہی میں ہونے والی شادیوں میں ہمیں دونوں طرح کے رجحانات دیکھنے کو ملے ہیں۔ کچھ جوڑے اپنی شادی کو انتہائی حد تک سادہ رکھتے ہیں تو کسی کی شادی کسی بالی وڈ اسٹار کی شادی کی تقریب سے کم نہیں لگتی۔ ایسے میں نوبیاہتا جوڑا ایک دوسرے کو قیمتی تحائف بھی دیتا ہے تاکہ شادی کو مزید یادگار بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں منعقد ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں دلہا نے اپنی دلہن کو ایک ایسا تحفہ دیا کہ دیکھنے والے بھی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے۔

شادی کی تقریب میں دلہا نے حق مہر میں اپنی دلہن کو ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن پاک دیا جو دلہا نے خود اپنے ہاتھوں سے تحریر کیا تھا، دلہا کی جانب سے یہ اقدام دلہن کے لیے اس کی محبت کا عکاس ہے جو اپنی محبت کو اس عظیم تحفے کے ذریعے مزید پاک بنانے کا خواہشمند ہے۔ اس خبر کے سوشل میڈیا پر آنے کے بعد صارفین نے دلہا کی محنت اور اپنی دلہن کے لیے عقیدت پر اس کو خوب سراہا اور کہا کہ در اصل اُس کے دلہے نے اپنی محنت اور لگن سے دلہن کو حق مہر میں دینے کے لیے قرآن پاک تحریر کیا جو قابل تعریف ہے۔

واضح رہےکہ اس سے قبل بھی فجر کی نماز اور 10 لاکھ مرتبہ درود پاک حق مہر میں لکھوانے کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر لوگوں نے سُکھ کا سانس لیا تھا کہ معاشرے سے جہیز اور فرسودہ رسومات کا بتدریج خاتمہ ہو رہا ہے جو مثبت معاشرے کی طرف ہمارا پہلا قدم ہے۔

متعلقہ عنوان :