Live Updates

وزیراعظم نے حج اخراجات میں اضافے کوحکومتی مجبوری قراردےدیا

بخوبی جانتا ہوں کہ حج کرنے کیلئے لوگ سالہا سال پیسے جمع کرتے ہیں، لیکن حکومت کے مالی مسائل ہیں، حکومت کو قرضوں پر ہر روز6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی ارکان اسمبلی سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 فروری 2019 17:21

وزیراعظم نے حج اخراجات میں اضافے کوحکومتی مجبوری قراردےدیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے حج اخراجات میں اضافے کو حکومت کی مجبوری قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں بخوبی جانتا ہوں کہ حج کرنے کیلئے لوگ سالہا سال پیسے جمع کرتے ہیں، حکومت کے مالی مسائل ہیں، حکومت کو قرضوں پر ہرروز6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید، وزیرصحت عامر کیانی، وزیر پٹرولیم غلام سرورخان ، وزیراطلاعات فواد چودھری، معاون خصوصی نعیم الحق، صداقت عباسی اور ارشد داد ودیگر شامل ہیں، اس موقع پر ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے علاقے کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمرا ن خان نے ارکان اسمبلی کو عوام سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانے کی کوشش کررہی ہے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے حج سبسڈی کوبحال کرنے اور حج اخراجات کو کم کرنے کی بھی درخواست کی۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے حج اخراجات میں اضافہ حکومت کی مجبوری قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ جانتا ہوں حج کیلئے لوگ پورا سال پیسے جمع کرتے ہیں۔ لیکن حکومت کے مالی مسائل ہیں، سعودی عرب میں حج اخراجات میں35 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت کو قرضوں پر ہر روز 6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے فعال ہونے کے بعد ارکان اسمبلی کو فنڈز نہیں ملیں گے۔

شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان نالہ لئی ایکسپریس اور ہسپتالوں کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے راولپنڈی میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کے قیام کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو گیس کے بلوں میں اووربلنگ پر بھی بریفنگ دی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آفس میں اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے خطے میں انتہاء پسندی اور تشدد کے خاتمے کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا، اور کہا کہ دہشتگردی کیخلاف اسلامی فوجی اتحاد کا کردار قابل تحسین ہے۔ پاکستان علاقائی امن کیلئے بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر جنرل ر راحیل شریف پاکستان کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات