پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس کے ایگزیکٹیو بلڈرز نے بھی منجمد اکائونٹ کھولنے کی درخواست دیدی

احتساب عدالت نے درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا ،کیس کی سماعت 16 فروری تک ملتوی

جمعرات 14 فروری 2019 15:05

پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس کے ایگزیکٹیو بلڈرز نے بھی منجمد اکائونٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) احتساب عدالت میں پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس کے ایگزیکٹیو بلڈرز نے بھی منجمد اکائونٹ کھولنے کی درخواست دے دی۔نیب کی طرف سے ایگزیکٹیو بلڈرز پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے اکائونٹ میں کروڑوں روپے منتقل کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹیو بلڈرز کے منیجر آپریشنز عثمان نے بشارت اسحاق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ نیب نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں ہمارے بھی اکائونٹ منجمد کر دئیے ہیں ، اکائونٹ بند ہونے سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں لہٰذا بنک اکائونٹ کھولنے کا حکم دیا جائے ۔ احتساب عدالت نے درخواست پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 فروری تک ملتوی کر دی۔