چیئر مین سینٹ سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات ،

باہمی دلچسپی اور پارلیمانی روابط کے حوالے سے گفتگو مسئلہ کشمیر پر حمایت کرنے پر ہم برطانیہ کے حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں کے ممنون ہیں،محمد صادق سنجرانی دونوں ممالک کے مابین تاریخی ، سماجی اور ثقافتی تعلقات کو پارلیمانی روابط کے ذریعے اور زیادہ فعال بنایا جاسکتا ہے، ملاقات میں بات چیت مختلف شعبوں میں جاری حالیہ تعاون کو پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے، برطانوئی ہائی کمشنر

جمعہ 15 فروری 2019 13:22

چیئر مین سینٹ سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے تحریک کی بھر پور حمائت کرنے پر ہم برطانیہ کے حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں کے ممنون ہیں،دونوں ممالک کے مابین تاریخی ، سماجی اور ثقافتی تعلقات کو پارلیمانی روابط کے ذریعے اور زیادہ فعال بنایا جاسکتا ہے۔

جمعہ کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ باہمی دلچسپی اور پارلیمانی روابط کے حوالے سے گفتگو کی ۔ چیئرمین سینٹ نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی ، سیاسی اور پارلیمانی تعلقات ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سینیٹ کی خارجہ امور کے حوالے سے کمیٹی کے برطانوی دارالعوام میں کشمیر کے مسئلے کو اٴْجاگر کرنے کے حوالے سے کوششیں بے مثال ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ برطانوی دارلعوام میں کشمیر کے مسئلے کو بھر پور طور پر اٴْجاگر کرنے کیلئے پاکستان برطانیہ کی حکومت ،سیاسی جماعتوں اورعوام کے شکر گزار ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا برطانیہ اور بالخصوص برطانوی دارالعوام کا دورہ کشمیر کے مسئلے کو مثبت طور پر اٴْجاگر کرنے اور بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق باور کروانا تھا۔

صادق سنجرانی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے تحریک کی بھر پور حمائت کرنے پر ہم برطانیہ کے حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں کے ممنون ہیں۔صادق سنجرانی نے کہاکہ دونوں ملکوں کے مابین تاریخی ، سماجی اور ثقافتی تعلقات کو پارلیمانی روابط کے ذریعے اور زیادہ فعال بنایا جاسکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے برطانیہ کے داراٴْمرا کے لارڈسپیکر کو دورہ پاکستان کا دعوت نامہ بھی برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تاریخی تعلقات ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں جاری حالیہ تعاون کو پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اپنے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔