تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبد المجید خان کو گرفتار کرنے کا حکم

دھوکہ دہی اور فراڈ کے مقدمہ میں حکمران جماعت کے رہنما کی تمام جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم جاری

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 فروری 2019 19:59

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبد المجید خان کو گرفتار کرنے کا حکم
لیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 فروری 2019ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبد المجید خان کو گرفتار کرنے کا حکم، دھوکہ دہی اور فراڈ کے مقدمہ میں حکمران جماعت کے رہنما کی تمام جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم جاری۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے دھوکہ دہی اور فراڈ کے مقدمہ میں تحریک انصاف کے لیہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے عبدالمجید خان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

 عدالت نے ڈپٹی کمشنر لیہ کو عبدالمجید خان کی جائیداد قرق کرنے کا تحریری حکم بھی جاری کردیا ہے۔

(جاری ہے)

عبدالمجید خان کیخلاف منصور آفاق کی مدعیت میں درج یہ مقدمہ 2017 سے زیر سماعت ہے اور اس میں رکن قومی اسمبلی کے بڑے بھائی اور میانوالی کے معروف معالج حکیم طارق عبد اللہ بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں لیہ کے حلقے این اے 187 سے پی ٹی آئی کے امیدوار عبد المجید خان 93903 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے آزاد امیدوار سردار بہادر احمد خان کو شکست دی تھی۔ سردار بہادر 88225 ووٹ حاصل کرسکے تھے جبکہ ن لیگی امیدوار اس حلقے کے انتخاب میں 64344 ووٹ حاصل کر پائے تھے۔ اب عبدالمجید خان کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔