ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام دئیے بغیرٹیکس نیٹ میں وسعت اور حکومتی محاصل میں اضافہ ممکن نہیں‘فہیم الرحمن سہگل

خوف و ہراس کی فضا میں نہ تو کاروبار چل سکتے ہیں اور نہ ہی حکومت کو محاصل کے اہداف پورے کرنے میں کوئی مدد ملے گی

ہفتہ 16 فروری 2019 15:38

ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام دئیے بغیرٹیکس نیٹ میں وسعت اور حکومتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ خوف و ہراس کی فضا میں نہ تو کاروبار چل سکتے ہیں اور نہ ہی حکومت کو محاصل کے اہداف پورے کرنے میں کوئی مدد ملے گی، جب تک موجودہ ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام نہیں دیا جائے گا تب تک نئے افراد کا ٹیکس نیٹ میں آنا ممکن نہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر احد امین ملک کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خامس سعید بٹ اور ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر ٹیکس نیٹ کو وسعت اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہا ہے مگر ٹیکس مشینری کی جانب سے تاجروں کو پریشان کرنے والے اقدامات سے یہ کوششیں ثبوتاژ ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس حکام کی جانب سے آئے روز مارکیٹوں میں چھاپوں نے تاجر برادری کو بری طرح پریشان کررکھا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف کاروباروں کو نقصان ہورہا ہے بلکہ ان کی ساکھ کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر چھاپوں کا سلسلہ نہ روکا اور تاجروں کو عزت و احترام نہ دیا گیا تو کاروبار بند ہونگے، سرمائے کی دیگرممالک منتقلی کا رحجان بڑھے گا ، بے روزگاری پیدا ہوگی جس کا خمیازہ معیشت کو بھگتنا پڑے گا۔

آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور چیمبر کے نائب صدر کو آگاہ کیا کہ کاروباری مقامات پر چھاپوں، ودہولڈنگ ٹیکس، ٹرن اوور ٹیکس، سیلز ٹیکس اور بھاری یوٹیلٹی پرائسز نے کاروبار کرنا انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پہلے ہی تاجروں کو درپیش مسائل کے لیے موثر آواز بلند کررہا ہے۔

انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ تاجروں کو درپیش مسائل کے لیے جلد ہی اعلی حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔ خامس سعید بٹ نے فہیم الرحمن سہگل کو آگاہ کیا کہ آصف علی بخاری شخص نے گنپت روڈ اور اردوبازار کے تاجروں سے تیس کروڑ روپے کا فراڈ کیا ہے، بیرون ملک فرار کے بعد اسے انٹرپول کے ذریعے ملک میں لایا گیا اور اب وہ پولیس کسٹڈی میں ہے لیکن تاحال ریکوری نہیں ہوسکی ۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے اعلی پولیس حکام پر زور دیا کہ وہ علی آصف بخاری سے جلد از جلد تاجروں کی رقم ریکور کروائیں۔