ملتان سلطانز کینسر کا مقابلہ کرنےوالے بچوں کو پی ایس ایل دکھانے دبئی لے آئی

فرنچائز نے11بچوں کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا ہے :علی ترین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 فروری 2019 16:40

ملتان سلطانز کینسر کا مقابلہ کرنےوالے بچوں کو پی ایس ایل دکھانے دبئی ..
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزملتان سلطانز کینسر کا مقابلہ کرنے والے بچوں کو پی ایس ایل دکھانے کے لیے دبئی لے آئی ۔ ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے ایک انٹر ویو کے دوران بتایا کہ وہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو سامنے لانے کے لیے بھرپور کوششیں کررہے ہیں اور جب انہیں علم ہو ا کہ ملتان سلطانزکا پہلا میچ بچوں کے کینسر کے عالمی دن پر ہوگا تو انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے 11بچوں کو ملتان سلطانز کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا اور پاکستان سپر لیگ کے میچز دکھانے کے لیے دبئی لانے کا فیصلہ کیا ، علی ترین کا کہنا تھا کہ ان میں سے بیشتر بچوں کا تعلق بھی جنوبی پنجاب سے تھا جو پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے بے چین ہیں اور آج ہی لاہور سے دبئی پہنچے ہیں ،علی ترین کا مزید کہنا تھا کہ جب یہ بچے دبئی پہنچے تو انہیں یہ لگ رہا تھا کہ تھکن کے باعث یہ بچے آج کا میچ نہیں دیکھ سکیں گے لیکن حیران کن طور پر ان بچوں نے قوت ارادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ دیکھنے کا فیصلہ کیا اور ایئر پورٹ سے سیدھا سٹیڈیم آئے ہیں ،ان بچوں کا کہنا ہے کہ وہ آج کا میچ بھی دیکھنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

علی ترین کا کہنا تھا کہ ان بچوں سے زیادہ کو ئی اور سلیبریٹی ہماری ٹیم کابرانڈ ایمبیسڈر بننے کا اہل نہیں ہوسکتا اور ہمیں امیدہے کہ ان کی دعاﺅں سے ملتان سلطانز کی ٹیم فائنل میں پہنچے گی ۔