یورپی ممالک داعش میں شمولیت کے لیے جانے والے شہریوں کو واپسی کی اجازت دیں. صدر ٹرمپ

اتحادی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ورنہ امریکہ ان جنگجوﺅں کو چھوڑ دینے پر مجبور ہو گا‘ امریکی صدر کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 فروری 2019 14:27

یورپی ممالک داعش میں شمولیت کے لیے جانے والے شہریوں کو واپسی کی اجازت ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 فروری۔2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ اور دوسرے یورپی اتحادیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ممالک سے تعلق رکھنے والے دولت اسلامیہ کے 800 سے زیادہ جنگجوﺅں کو وطن واپس آنے کی اجازت دیں اور اپنے ملکوں میں ان پر مقدمات چلائے جائیں. صدر ٹرمپ نے یہ بات اپنے ٹوئٹر پغام میں کہی ہے جس وقت امریکی حمایت والی کرد فورسز شام اور عراق کے سرحدی علاقے میں دولت اسلامیہ کے بچے کچے جنگجوﺅں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر رہی ہیں.

یہ جنگجو شام میں نام نہاد دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ کے آخری مرحلے کے دوران گرفتار ہوئے ہیں‘ان جنگجوﺅں کا تعلق مختلف یورپی ممالک سے ہے اور یہ اِس وقت کرد فورسز کی قید میں ہیں.

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ دولت اسلامیہ کی خلافت گرنے کے قریب ہے‘امریکہ یہ نہیں دیکھنا چاہتا کہ دولت اسلامیہ کے یہ جنگجو یورپ کا رخ کریں‘ یہی وہ جگہ ہے جہاں اِن کے جانے کی توقع ہے.

ہم بہت کچھ کرتے ہیں اور بہت خرچ کرتے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ دوسرے سامنے آئیں اور اپنا کام کریں جو وہ بہت اچھی طرح کر سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ دوسری صورت میں امریکہ ان جنگجوﺅں کو چھوڑ دینے پر مجبور ہو گا‘ٹرمپ انتظامیہ کے اہلکاروں نے اِس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے بعض جنگجوﺅں کو اگر انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا تو وہ یورپی ممالک کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں.

صدر ٹرمپ کے الفاظ برطانیہ کے انٹیلیجنس چیف ایلکس ینگر کے بیان سے مطابقت رکھتے ہیں جنھوں نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ شام میں شکست کے باوجود دولت اسلامیہ مزید حملوں کے لیے خود کو دوبارہ سے منظم کر رہی ہے. انھوں نے ایسے جہادیوں کی یورپ واپسی کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا جن کے پاس خطرناک تربیت اور نیٹ ورک ہے. صدر ٹرمپ کی یہ ٹوئٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب برطانیہ میں شمیمہ بیگم کے معاملے پر ایک تنازع پیدا ہو گیا ہے. شمیمہ بیگم ان تین لڑکیوں میں سے ایک تھیں جو دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کے لیے 2015 میں لندن سے شام چلی گئی تھیں. شمیمہ بیگم نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ واپس آنا چاہتی ہیں مگربرطانوی حکومت اِس سلسلے میں کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے.