Live Updates

شاہد خاقان عباسی کا نام ٹاپ 5 ٹیکس دہندگان میں شامل

وزیراعظم عمران خان نے ایوارڈ دینے کے لیے بُلایا تو سابق وزیراعظم دعوت میں نہیں آئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 فروری 2019 10:04

شاہد خاقان عباسی کا نام ٹاپ 5 ٹیکس دہندگان میں شامل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 فروری 2019ء) : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام ملک کے ٹاپ 5 ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل ہے لیکن جب وزیراعظم عمران خان نے انہیں ایوارڈ دینے کے لیے بُلایا تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دعوت میں نہیں گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملکی خزانے میں ٹیکس کی بڑی رقم جمع کروانے والوں میں شاہد خاقان عباسی بھی شامل ہیں۔

جس کے تحت وزیراعظم عمران خان نے ملک کے ٹاپ ٹیکس دہندگان کو شاباش ایوارڈ دینے کے لیے کھانے پر بُلا لیا لیکن سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دی گئی دعوت میں شریک نہیں ہوئے۔ اس حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ خود ٹیکس ادا نہیں کرتے، میں ان سے جا کر کیا وصول کروں؟ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو ٹیکس دینا چاہئیے تو اس سلسلے کو اپنی ذات سے شروع کریں اور اپنی کابینہ سے شروع کریں۔

(جاری ہے)

لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایف بی آر کی جانب سے لسٹ کے اجرا پر بھی سوال اُٹھایا اور کہا کہ یہ ایف بی آر نے ایک غیر قانونی حرکت کی ہے،جو ٹیکس پیئر ہیں ان کی لسٹ بنانا ان کی تشہیر کرنا، اس کو پبلک میں نہیں لایا جانا چاہئیے، جو پارلیمنٹ کے ٹیکس پیئر ہیں ان کی لسٹ پارلیمنٹ جاری کرتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آج سے نہیں پچھلے بتیس سال سے ٹیکس ادا کر رہا ہوں۔

اب عمران خان کو بھی چاہئیے کہ وہ بھی یہ قومی ذمہ داری ادا کرکے عوام میں ٹیکس ادائیگی کا شعور پیدا کریں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیب کے ریڈار پر ہیں اور ان کے خلاف نیب میں کیسز کی انکوائری چل رہی ہے۔ کچھ حلقوں کے مطابق ممکنہ طور پر جلد ہی شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات