بھارت، پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت پر پابندی لگوانے کےلئے سرگرم

پاکستان کو ورلڈ کپ سے نکالنے کیلئے آئی سی سی کو خط لکھ دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 فروری 2019 12:31

بھارت، پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت پر پابندی لگوانے کےلئے سرگرم
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21فروری 2019ء) بھارت پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت پر پابندی لگانے کے درپے ہو گیا۔بھارتی ٹیم آئی سی سی یا اے سی سی ایونٹس کے سوا ویسے بھی گرین شرٹس سے مقابلہ نہیں کرتی، وہاں اب یہ مطالبات ہو رہے ہیں کہ پاکستان سے ورلڈ کپ میچ کا بائیکاٹ کیا جائے۔اب بھارتی میڈیا میں یہ حیران کن خبر آئی ہے کہ رواں ماہ دبئی میں شیڈول آئی سی سی میٹنگ میں بھارت پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت پر ہی پابندی لگانے کا مطالبہ کریگا،البتہ سیاسی وجوہات کی بنا پر کونسل کی جانب سے ایسے کسی فیصلے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو بھیجی گئی ایک ای میل میں مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ 2019ءسے باہر کیا جائے کیوں کہ وہ اپنے ملک میں دہشت گردوں کو پال رہا ہے اور بھارت کے خلاف دہشت گردی کوبڑھاوا دے رہا ہے،بی سی سی آئی نے اس ای میل میں آئی سی سی کو واضح طور پر بتادیا ہے کہ بھارتی عوام میں پاکستان کے بارے میں انتہائی غصہ پایا جاتا ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی عوام کی امیدوں کے برعکس کوئی کام نہیں کر ے گا۔یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ30مئی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا اور روایتی حریفوں پاکستا ن اور بھارت کے مابین ٹاکرا 16جون کو مانچسٹر میں شیڈول ہے ۔