مکّہ: زنانہ لباس میں منشیات اسمگل کرنے والا شہری گرفتار

ایک اور واقعہ میں گاڑی میں 6 کلو سونا لے جانے والا بھی دھر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 فروری 2019 12:52

مکّہ: زنانہ لباس میں منشیات اسمگل کرنے والا شہری گرفتار
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری 2019ء ) مکّہ مکرمہ میں گزشتہ روز ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا۔ جس میں پولیس نے الساحل روڈ پرواقع الگالا چیک پوسٹ پر ایک گاڑی کو روکا تو اُس میں ایک ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر برقعہ پوش خاتون بیٹھی نظر آئی۔ گاڑی کے روکنے پرڈرائیور اوربُرقعہ پوش خاتون کچھ پریشان سے دکھائی دینے لگے۔ جس پر پولیس کو شک گزرا۔

گاڑی کی تفصیلی تلاشی لی گئی تو اُس کے مختلف خفیہ مقامات سے 200کے قریب نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسی دوران سیکیورٹی اہلکاروں کو پتا چلا کہ اس بُرقعے کے پیچھے کوئی خاتون نہیں بلکہ ایک مرد چھُپا ہوا ہے۔دونوں افراد کو گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں سے ایک شخص یمنی جبکہ دُوسرا سعودی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ جدہ پولیس کی جانب سے بھی ساحلی علاقے میں قائم ایک چوکی سے گزرنے والی گاڑی کو روکا گیا تو تلاشی کے دوران گاڑی سے 6 کلو سونے کے زیورات اور 18 ہزار ریال برآمد ہوئے۔یہ گاڑی ایک یمنی چلا رہا تھا۔ جب اس یمنی نے پُوچھا گیا تو وہ ریال کے حصول کے ذرائع نہ بتا سکا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سونے کی یہ بڑی مقدار اور سعودی ریال گاڑی کے پیچھے لگے ٹائر میں چھُپا رکھے تھے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُسے اور اُس سے ضبط کیا گیا سامان جنوبی جدہ کی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔