Live Updates

ہائیکورٹ کا زرعی مارکیٹ کمیٹیاں فعال نہ کرنے پر اظہار برہمی ،پنجاب حکومت کو 25فروری تک نئے جوابات جمع کروانے کا حکم

قانون سازی سمیت دیگر امور پر غور کر رہے ہیں‘سرکاری وکیل /ایڈمنسٹریٹرز کی طرف سے فیس عائد کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں توسیع

جمعرات 21 فروری 2019 15:21

ہائیکورٹ کا زرعی مارکیٹ کمیٹیاں فعال نہ کرنے پر اظہار برہمی ،پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی مارکیٹ کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز کی طرف سے فیس عائد کرنے کیخلاف درخواست پر زرعی مارکیٹ کمیٹیاں فعال نہ کرنے پر پنجاب حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 25فروری تک نئے جوابات جمع کروانے کا حکم دیدیا جبکہ ایڈمنسٹریٹرز کی طرف سے فیس عائد کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں بھی توسیع کر دی ۔

ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے جوہر آباد، نون شوگر ملز اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی ۔درخواست گزاروں کی طرف سے انوار حسین ایڈووکیٹ اور عمران خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔انور حسین ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2010ء میں زرعی مارکیٹ کمیٹیوں میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کئے، ایڈمنسٹریٹرز نے زرعی اجناس کیلئے مارکیٹوں کے استعمال پر فیس مقرر کر دی، مارکیٹ کمیٹیوں میں فیس مقرر کرنے کی صوبائی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی، مارکیٹ کمیٹیوں میں گزشتہ 9 برسوں سے کسانوں کی نمائندگی بھی نہیں ہے، مارکیٹ کمیٹیوں میں ایڈمنسٹریٹرز کی نو نو برس کیلئے تعیناتی بھی قانون کے مطابق نہیں ہے، غیرقانونی تعینات ایڈمنسٹریٹرز کی طرف سے مقرر کردہ ہر قسم کی فیس اور چارجز قانون کیخلاف ہیں، سپریم کورٹ بھی مارکیٹ کمیٹیوں کو قانون کے مطابق بنانے کا حکم دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ایڈمنسٹریٹرز کی طرف سے مقرر کردہ فیس کالعدم قرار دی جائے اور مارکیٹ کمیٹیوں میں طویل عرصہ سے تعینات ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتیاں بھیغیرقانونی قرار دی جائیں۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ زرعی مارکیٹ کمیٹیوں کو فعال کرنے پر قانون سازی سمیت دیگر امور پر غور کر رہے ہیں۔فاضل عدالت نے زرعی مارکیٹ کمیٹیاں فعال نہ کرنے پر پنجاب حکومت پر برہمی کا اظہار کیا ۔ عدالت نے 25 فروری تک پنجاب حکومت کو نئے جوابات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے زرعی مارکیٹ کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز کی طرف سے فیس عائد کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں بھی توسیع کر دی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات