سندھ فوڈ اتھارٹی کہاں کہاں جائے، لوگوں کو خود بھی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شہلا رضا نے کراچی میں پانچ بچوں کی ہلاکت پر رد عمل دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 12:47

سندھ فوڈ اتھارٹی کہاں کہاں جائے، لوگوں کو خود بھی احتیاط برتنے کی ضرورت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کراچی میں فوڈ پوائزننگ سے پانچ بچوں کی ہلاکت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اب سندھ فوڈ اتھارٹی کہاں کہاں جائے، لوگوں کو خود بھی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بچوں کی ہلاکت کا واقعہ بہت افسوسناک ہے تاہم سندھ فوڈ اتھارٹی کہاں کہاں جائے، لوگوں کو خود بھی احتیاط برتنے کی ضرورت۔

واضح رہے کہ کراچی کے ہوٹل میں مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے جب کہ والدین کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں والدہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کاعبدالعلی، 4 سال کا عزیز فیصل، 6 سال کی عالیہ، 7سال کا توحید اور 9 سال کی صلویٰ شامل ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ فیملی نے گذشتہ شب کراچی کے ایک نجی ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا تھا جس کے بعد ان کی حالت غیر ہو گئی اور موت واقع ہوئی۔

متاثرہ فیملی کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔ متاثرہ فیملی مریض کو لے کر کراچی آئی تھی جہاں انہوں نے ایک مقامی ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا تھا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے ہی والدہ کی حالت بھی غیر ہوئی جس کا نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے مضر صحت کھانا کھانے سے ہونے والی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا ہے۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے پانچ بچوں کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار بھی کیا۔ یاد رہے اس سے قبل بھی کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ جب شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد شامل تھے۔ ایس ایس پی ساتھ پیر محمد شاہ کے مطابق متاثرین نے زمزمہ پر ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا تھا۔تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ متعلقہ ریسٹورنٹ کو واقعہ کے چند روز قبل صحت وصفائی کی صورتحال بہتربنانے کا نوٹس بھی دیا گیا تھا جسے ریسٹورنٹ انتظامیہ نے نظر انداز کر دیا اور اس کے بعد یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔