ڈاکٹر انور سجاد کی شدید علالت میں ان کی تنخواہ روکنا ظالمانہ اور قابل مذمت اقدام ہے‘مریم اورنگزیب

حکومت نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کی جانب سے تنخواہ روکے جانے کے معاملے کا نوٹس لیکر کاروائی کرے صدرمملکت ڈاکٹر انور سجاد کے اہلخانہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر فوری کارروائی کریں‘ترجمان مسلم لیگ (ن)

جمعہ 22 فروری 2019 15:12

ڈاکٹر انور سجاد کی شدید علالت میں ان کی تنخواہ روکنا ظالمانہ اور قابل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ممتاز افسانہ نگار، ڈرامہ نویس اور اداکار ڈاکٹر انور سجاد کی علالت پر کہا ہے کہ ڈاکٹر انور سجاد کی شدید علالت میں ان کی تنخواہ روکنا ظالمانہ اور قابل مذمت اقدام ہے،نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کی جانب سے تنخواہ روکے جانے کے معاملے کا حکومت فوری نوٹس لیکر کاروائی کرے اور صدرمملکت ڈاکٹر انور سجاد کے اہلخانہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر فوری کارروائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علمی و ادبی شخصیات سے بیگانگی معاشروں کو تباہ کردیتی ہے،ڈاکٹر انور سجاد کی علم و ادب اور فن ثقافت کے شعبے میں گراں قدر خدمات ہیں،ان کے علاج معالجے اور مالی مشکلات کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے اہل قلم ،علم و ادب اور فنون لطیفہ سے متعلق افراد کی دیکھ بھال، علاج معالجے اور مالی مشکلات کے حل کے لئے 50 کروڑ روپے کی لاگت سے انڈامنٹ فنڈ قائم کیا تھا،اس فنڈ کی موجودگی کیباوجود ڈاکٹر انور سجاد کے علاج کے لئے حکومتی سطح پر اقدام نہ ہونا ناقابل فہم اور افسوسناک ہے۔